امریکا نے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت روکنے کا روسی مطالبہ مسترد کردیا

January 27, 2022

واشنگٹن (اے ایف پی)امریکا نے یوکرین کو نیٹو میں شامل نہ کئے جانے کے روسی مطالبے کو مسترد کردیا ہے تاہم واشنگٹن کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ماسکو یوکرین پر حملے کیلئے تیار ہے، امریکا نے یوکرینی تنازع کے پیش نظر ایک نیا سفارتی راستہ نکالنے کی تجویز بھی دی ہے۔یوکرین کے معاملے پر جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے پیرس میں یوکرین، روس، فرانس اور جرمنی کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں، فرانس نے امریکا کی جانب سے یوکرین پر روسی حملے کی حالیہ وارننگز کے باوجود مذاکرات کو مثبت قرار دیا ہے،پیرس میں ہونیوالے مذاکرات میں جرمنی اور فرانس کے سفیر بھی شریک ہوئے۔روس کی جانب سے اپنی سکیورٹی سے متعلق تجاویز پیش کئے جانے اور یوکرینی سرحد کے قریب دسیوں ہزاروں فوجیوں کو بھجوائے جانے کے ایک ماہ بعد امریکا نے نیٹو اتحادیوں کے تعاون سے روس کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔ امریکی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے دوبارہ ملاقات کریں گے، دونوں کے درمیان جمعے کے روز بھی مذاکرات ہوئے تھے۔ بلینکن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روس تسلیم کرے تو انہوں نے کچھ سنجیدہ سفارتی حل تلاش کیا ہے تاہم صحافیوں کے اصرار پر انہوں نے کہا کہ یہ خفیہ رہے گا۔ انہوں نے اپنی تجویز کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ روس کے سکیورٹی خدشات بشمول یورپ میں میزائلوں کی تنصیب کم کرنے، فوجی مشقوں اور یوکرین کیلئے مغربی امداد کو شفاف بنانے کے معاملے کو باہمی طور پر حل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکا روس کے سب سے اہم مطالبے یعنی یوکرین کو نیٹو میں شامل نہ کئے جانے کے مطالبے کو نہیں مانے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس سے زیادہ وضاحت نہیں کرسکتا، نیٹو کے دروازے کھلے ہیں اور کھلے رہیں گے یہی ہمارا عزم ہے۔