ٹیلی فلم ”روپوش“ کیلئے 5 کروڑ ویوز، تاریخ رقم

January 27, 2022

کراچی ( جنگ نیوز) نئے سال کے خوشنما آغاز پر ”جیو ٹی وی“ سے نشر ہونے والی ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کی اسپیشل ٹیلی فلم ”روپوش“ نے آج تک کی پاکستانی ٹیلی فلم کی تاریخ کی سب سے بلند 105 GRPS حاصل کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا تو وہیں ڈیجیٹل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ”روپوش“ نے تا حال مسلسل دھوم مچائے رکھی ہے۔ یوٹیوب کے پلیٹ فارم پر پاکستانی ٹیلی فلم کی تاریخ میں ”روپوش“ وہ واحد اور سب سے تیز ترین مقبولیت حاصل کرنے والی ٹیلی فلم ہے جس نے محض دو ہفتوں میں 50 ملین (پانچ کروڑ) سے زائد ویوز اپنے نام کر لئے ہیں۔ پاکستانی انٹرینمنٹ کی تاریخ کا ”روپوش“ واحد پروجیکٹ ثابت ہوچکی ہے جس نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب پر محض دو ہفتوں میں سب سے تیز ترین 50 ملین سے زائد کا معرکہ سر کیا ہے اور مسلسل دس روز تک نمبر ون ٹرینڈنگ پر رہی ہے۔ ٹیلی فلم کے OST ”روپوش“ کو کسی بھی پاکستانی ٹیلی فلم میں آج تک کی سب سے زیادہ یعنی 15.6 ملین سے زائد ویوز کی پذیرائی بھی ملی جبکہ گیت”ہم رازی“ کو 7.3 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ الغرض ڈیجیٹل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز مثلاً ”ٹک ٹاک، انسٹا گرام اور یوٹیوب“ پر مجموعی طور پر 382 ملین ویوز سے زائد کی پذیرائی حاصل کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے جس کیلئے پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی بشمول جیو ٹیلی ویژن اپنے چاہنے والوں کے تہہ دِل سے مشکور ہیں۔