کورونا کیخلاف حکومتی کارکردگی سے 41 فیصد پاکستانی مطمئن

January 27, 2022


کراچی (نیوز ڈیسک) 41؍ فیصد پاکستانی کورونا کیخلاف حکومتی کارکردگی سے مطمئن ہیں تاہم 29؍ فیصد کا عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ 61؍ فیصد کورونا سے لاحق خطرات کوسنجیدہ لینے کو تیار نہیں اور اسے مبالغہ آرائی پر مبنی کہا جبکہ 41فیصد پاکستانیوں نے کورونا کو غیرملکی سازش بھی کہا البتہ 43؍ فیصد نے اختلاف کیا، 25؍ فیصد پاکستانیوں نے ملک سے کورونا ختم ہونے کا بھی دعویٰ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق گیلپ پاکستان نے عوام کی آراء پر مبنی نیا سروے جاری کردیا جس میں ملک بھر سے 7سو سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ یہ سروے 22دسمبر 2021سے 15جنوری 2022کے درمیان کیا گیا۔ سروے میں کورونا کیخلاف پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی سے 41فیصد پاکستانی مطمئن نظر آئے جبکہ 29؍ فیصد نے کارکردگی پر عدم اطمینا ن کا اظہار کیا۔ البتہ 27؍ فیصد نے کارکردگی کو اوسط یا معمولی کہا ۔ 3فیصد نے اس سوال پر کوئی رائے دینے سے گریز کیا۔ سروے میں دیکھا گیا کے ملک میں کورونا کی پانچویں لہر سے متاثر ہونےوالوں کی شرح میں اضافے کے باوجود 61؍ فیصد پاکستانی کورونا سے لاحق خطرات کو غیر حقیقی اور مبالغہ آرائی پر مبنی قرار دے رہے ہیں ۔ البتہ 32؍ فیصد نے کورونا سے لاحق خطرات کو حقیقی کہا۔ 7؍ فیصد نے اس سوال پر کوئی رائے دینے سے گریز کیا۔ کورونا کو بیرونی سازش قرار دینے والے افراد کی شرح گزشتہ سروے کے مقابلے میں 8؍ فیصد کمی ہوئی اور موجودہ سروے میں 41؍ فیصد نے کورونا کو غیرملکی سازش قرار دیا جبکہ 43فیصد نے اسے مسترد کردیا ۔سروے میں موبائل فون تک رسائی رکھنے والے 84فیصد پاکستانیوں نے انسداد کورونا ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لگوانےکا کہا، 16فیصد نے ویکسین نہ لگوانے کا بتایا۔ کورونا کب ختم ہوگا؟اس سوال کے جواب میں 25فیصد پاکستانیوں نے کہا کے کورونا تو کب کا ختم ہوچکا ، 33فیصد نے ملک کی 75فیصد آبادی کے ویکسین لگوانے کے بعد کورونا کی وباء کے خاتمے کا کہا ۔ 13فیصد نے ملک میں نئے کیسز کم رپورٹ ہونے ، 9فیصد نے مکمل پھیلاؤ رکنے جبکہ 6فیصد نے کورونا سے اموات کم ہونے پر وائرس کے ختم ہونے کا کہا۔ گیلپ پاکستان کے مطابق کورونا کے منفی معاشی اثرات میں بھی کمی دیکھی گئی اور گزشتہ سروے کے مقابلے میں 7میں سے 6 معاشی اشاریوں میں بہتری آنے کا کہا۔