سانحہ کیٹی بندر، مزید 4 لاپتہ ماہی گیروں کی نعشیں سمندر سے برآمد

January 27, 2022

گھارو( نامہ نگار) سانحہ کیٹی بندر، 5 روز قبل کیٹی بندر کے کھلے سمندر میں 3 کشتیاں الٹ جانے سے لاپتہ ہو جانے والے ماہی گیروں میں سے مزید 4 ماہی گیروں کی نعشیں برآمد، مزید 5 ماہی گیروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ، تفصیلات کے مطابق 5 روز قبل طوفانی ہوائوں کے باعث کیٹی بندر کے کھلے سمندر میں ماہی گیروں کی 3 کشتیاں الٹ گئی تھیں جن میں سوار 44 ماہی گیروں میں سے 32 ماہی گیروں کو ریسکیو کر کے بچا لیا گیا تھا جبکہ ریسکیو آپریشن سے 3 ماہی گیروں کی نعشیں برآمد کی گئی تھیں جبکہ بدھ کے روز مزید 4 ماہی گیروں کی نعشیں سمندر سے برآمد کر لی گئی ہیں ان 4 ماہی گیروں کی شناخت ہو گئی ہے جن میں ایک کی شناخت غلام ملاح کے نام سے ہوئی ہے جوکہ گولارچی کے گوٹھ جمعوں ملاح کا رہائشی تھا دوسرے ماہی گیر کی شناخت سلیم بنگالی کے طور پر ہوئی ہے جو کہ کراچی کا رہائشی ہے تیسرے ملاح کی شناخت زاہد حسین پٹھان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ چوتھے ماہی گیر کی شناخت امین ملاح کے طور پر ہوئی ہے جوکہ گولارچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے چاروں نعشوں کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مزید لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اسطرح اب مزید 3 ماہی گیروں کی تلاش کا کام جاری ہے آپریشن میں پاک نیوی میرین اور دیگر ریسکیو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں آپریشن کی سربراہی 31 بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن منصور علی کر رہے ہیں۔