خورشید شاہ کو ضمانت ملنے پر پی پی رہنماؤں کی مبارکباد

January 28, 2022

ہیلی فیکس(زاہد انور مرزا)سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کو مختلف کیسز ضمانت ملنے پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے رہنماؤں صدر مذہبی اُمور پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ علامہ قاری محمد عباس اور چیف آرگنائزر بھٹو ایوارڈ کمیٹی برطانیہ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ آصف نسیم راٹھور نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ حق اور سچ کی ہمیشہ فتح ہواکرتی ہے۔نیب کے در پردہ موجودہ کٹھ پتلی حکومت اپنی نا اہلی ، لوٹ مار ، ہٹ دھرمی ، ضد عناد، بد دیانتی کی بنا پر اور کرپشن چھپانے کیلئے نیب کے ذریعہ آمرانہ انداز میں اپوزیشن کےخلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔جھوٹے اور متکبر حکمران اپوزیشن کو کچلنے کی نا کام کوششیں کر رہے ہیں، یہ بات تو واضح ہے کہ ہر وہ ادارہ اور ہر وہ قانون جو فوجی ڈکٹیٹر یا ہٹلر نما سول متکبر حاکم اپوزیشن کی رائے کے بغیر بلڈوز کر کے بنائے وہ قطعاًملک اور قوم کے مفاد میں نہیں ہوتا بلکہ وہ ملکی تباہی و بربادی کا سبب ہوتا ہے، جس ملک میں حکومت اور عدالتیں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتیں اور انسانی حقوق کی پامالیاں کی جاتی ہوں وہ حکومت اور سلطنت دیر پا قائم نہیں رہ سکتی، خاص کر جس وقت فوجی ڈکٹیٹر حکمران عدالتوں پر اثر انداز ہوں اور جمہوری حکومت کے نام پر عوام کے سر پر سلیکٹڈ ہٹلر نما ذہنیت کا مالک عقل و سمجھ ، صبر اور برداشت سے بالکل عاری وزیر اعظم لا کھڑا کر دیا گیا ہو، تو وہاں عدالتی انصاف ،ملکی ترقی اور انسانی ہمدردی کی امیدیں ناپید اور مسدود ہو جایا کرتی ہیں ۔ نیب کا یہ سیاہ ترین قانون ایک فوجی آمر اور ڈکٹیٹر کا حزب اختلاف کو استحصال اور انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے بنایا گیا تھا۔ یہ قانون تاریخ کا سیاہ ترین اور بدترین ظالمانہ قانون ہے۔ ہماری اعلیٰ قیادت اور پارٹی کے کارکنوں اور جیالوں نے پہلے بھی ایسےبدترین ہٹلر نما ڈکٹیٹر حکمرانوں کے ادوار دیکھے اور بھگتے ہیں اور ان کے ملک و قوم کے خلاف ظالمانہ اقدام کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔