بلوچستان کے سابق وزیر ڈاکٹر حیدر بلوچ انتقال کرگئے

January 28, 2022

لندن(نمائندہ جنگ) بلوچستان کے سابق وزیراور پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنما ڈاکٹر حیدر بلوچ لندن کے ویسٹ سیکس آئزل ورتھ ہسپتال میں انتقال کرگئے، ان کی عمر 80برس سے زیادہ تھی۔ وہ1960ء کی دہائی میں برطانیہ آئے تھے اور انہوں نے اپنی عمر کا زیادہ حصہ اس ملک میں گذارا۔ ان کا آبائی تعلق تربت مکران سے تھا۔ برطانیہ میں وہ طویل عرصہ تک سیاسی و معاشرتی سرگرمیوں میں متحرک رہے، وہ بلوچستان پولیٹیکل فورم برطانیہ کے بھی رہنما تھے، انہوں نے سوگواروں میں بیوہ، دو بیٹے اور تین بیٹیاں چھوڑی ہیں، ان کے انتقال پر ان کے خاندان کے نام پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک بزرگ اور زیرک رہنما سے محروم ہوگئی۔ بلوچستان پولیٹیکل فورم کے چیئرمین حلیم ترین نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ فورم میں طویل عرصہ تک متحرک رہے اور وہ کمیونٹی کے ہر دل عزیز شخصیت تھے۔ حلیم ترین نے بتایا کہ ڈاکٹر حیدر بلوچ کی میت کو تربت میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ میت کو پاکستان لے جانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے دوسرے کئی رہنمائوں نے بھی ڈاکٹر حیدر بلوچ کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔