پولیس جوتے دلانے طارق روڈ لے گئی، دعا منگی کیس کا ملزم فرار

January 28, 2022

کراچی(طلحہ ہاشمی ) کراچی پولیس ہائی پروفائل کیس کے ملزم کی حفاظت نہ کرسکی اور دعا منگی کیس کا مرکزی ملزم زوہیب قریشی فرار ہوگیا.

ذرائع کے مطابق کورٹ پولیس جیل سے ذوہیب قریشی کو پیشی پر لے کر گئی تاہم ملزم زوہیب قریشی واپسی پر جیل نہیں پہنچا، ذرائع بتاتے ہیں کہ پولیس اہلکارزوہیب قریشی کو جوتے دلانے طارق روڈ لے کر گئے جہاں سے وہ فرار ہوگیا اور جیل واپسی پر جب قیدیوں کی گنتی کی گئی تو عقدہ کھلا، کورٹ پولیس اہلکاروں نے جان بوجھ کر چھپایا جس پر سوالات کھڑے ہوگئے اور پولیس حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے.

دو پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر فیروزآباد تھانے میں مقدمہ درج کیا جارہا ہے، دعا منگی کو 30 نومبر 2019 کو ڈیفنس سے اغوا کیا گیا تھا اور اس کی رہائی 20 سے 25 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کے بعد عمل میں آئی تھی، اس ہائی پروفائل کیس کے ملزمان کو کراچی پولیس کی خصوصی ٹیم نے 18 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا.

تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ انھی ملزمان نے ڈیفنس سے تاوان کے لیے بسمہ سلیم نامی لڑکی کو بھی اغوا کیا تھا اور اسکو بھی تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کیا تھا، دونوں مقدمات انسداد دہشتگردی کی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔