عمران نے شوکت خانم کاچندہ سیاسی فنڈز میں بدل کر جرم کیا،مریم اورنگزیب

January 28, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے شوکت خانم ہسپتال کے خیراتی پیسے کو سیاسی فنڈ میں بدلنے کے خوفناک انکشاف کے بعد فارن فنڈنگ کیس کا تمام ریکارڈ سامنے لانے اور الیکشن کمیشن سے مقدمے کی کارروائی لائیو دکھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی جعلسازی کا ایک اور ناقابل تردید ثبوت سامنے آگیا ہے، جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ شوکت خانم ہسپتال کے ڈونرز کو پی ٹی آئی ڈونر ظاہر کرکے فارن فنڈنگ کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں شامل کرنا خوفناک انکشاف ہے، عمران خان نے شوکت خانم کے چندے کو سیاسی فنڈز میں بدل کر سنگین جرم کیا، الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق سٹیٹ بینک سمیت تمام دستاویزات کو پبلک کیا جائے ۔ الیکشن کمشن کا پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد کرنے کے باوجود 8 والیمز کو چھپایا جا رہاہے ۔ عمران خان نے پارٹی ملازمین کے نجی اکائونٹس میں بھاری رقوم منگوائی ہیں، ان کا ریکارڈ بھی ابھی تک سامنے نہیں آیا، 7 سال سے زیرالتوا مسئلے پر قانون اور انصاف کے تقاضےبلا تاخیر پورے کئے جائیں۔