TIBL کا لائسنس منسوخ ہوچکا کاروبار کرنے کی مجاز نہیں،SECP

January 28, 2022

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عوام کو مطلع کیا گیاکہ این بی ایف سی کے ریگولیٹری فریم ورک کی مسلسل خلاف ورزیوں کی وجہ سے میسرز ’ٹرسٹ انوسٹمنٹ بنک لمیٹڈ (ٹی آئی بی ایل) کا لائسنس یکم نومبر 2018 سے منسوخ کیا جا چکا ہے۔ کمیشن نے TIBL کو بند کئے جانے کے لئے جنوری 2019 سے لاہور ہائی کورٹ میں اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔میسرز ’ٹرسٹ انوسٹمنٹ بنک لمیٹڈ ( ٹی آئی بی ایل) کا لائسنس منسوخ ہونے اور کمپنی کو بند کئے جانے کی قانونی کارروائی کے نتیجے میں مذکورہ کمپنی ایس ای سی پی کے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت بطور این بی ایف سی، کسی بھی قسم کا لائسنس یافتہ کاروبار کرنے کی مجاز نہیں رہی۔ تمام متعلقہ افراد اور عوام کو خبردار کیا جاتا ہے کہ ’ٹی آئی بی ایل‘ کے ساتھ بطور این بی ایف سی کمپنی کسی بھی قسم کے کاروباری لین دین نہ کریں۔