گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر پر پہلی سندھ گرلز اسکاؤٹس کیمپوری کا افتتاح

January 28, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر پر پہلی سندھ گرلز اسکاؤٹس کیمپوری کا افتتاح ہوگیا ، افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی رجسٹرار پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز محکمہ تعلیم حکومت سندھ رافیعہ جاویدتھیں انہوں نے کیمپوری کے افتتاح کا اعلان کیا جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی اور اس طرح کیمپوری کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ آج گرلز اسکاؤٹس کی یہ کیمپوری دیکھ کر میرا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے کہ صوبہ سندھ میں گرلز اسکاؤٹس بھی بوائے اسکاؤٹس کی طرح اپنے اجتماعات خود منعقد کرنے کے قابل ہوگئی ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر کی انتہائی شکر گزار ہوں جنہوںنے مجھے اس تاریخ ساز اجتماع کا حصہ بنایا کیونکہ پہلی سندھ گرلز اسکاؤٹس کیمپوری پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گرلز اسکاؤٹس کا اجتماع ہے۔ تقریب میں محترمہ شبانہ اختر ، محترمہ عائشہ مجید ، راحیلہ مسرور ، پاکستان کی پہلی صدارتی گولڈ میڈلسٹ گرلز اسکاؤٹ سیدہ کنزیٰ کنول اور دیگر موجود تھیں۔