سندھ میں طلبا یونین کی بحالی کے لیے بل کے مسودہ کو حتمی شکل دیدی گئی

January 28, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ میں طلبا یونین کی بحالی کے لیے بل کے مسودہ کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ بل کا مسودہ صوبائی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون نے منظور کرکے اسمبلی کو بھجوا دیا ہے۔ بل کے مطابق نجی و سرکاری کالجز و جامعات اور دیگر تعلیمی اداروں میں طلبا یونین ہوگی اور تعلیمی ادارے میں داخل شدہ شخص ہر طالبعلم یونین کو ووٹ دے سکے گا یا انتخابات میں حصہ لے سکے گا۔ مسودہ کے مطابق تعلیمی اداروں کے طلبا انتخابات کے ذریعے 7 سے 11 نمائندوں پر مشتمل یونین کو منتخب کریں گے جبکہ تعلیمی اداروں میں ہر سال طلبا یونین کے انتخابات ہوں گے، تعلیمی ادارے کی سینڈیکٹ اور سینیٹ میں طلبا یونین کی نمائندگی ہو گی جبکہ تعلیمی ادارے کی انسداد ہراسمنٹ کمیٹی میں بھی یونین کے نمائندے کو شامل کرے گی۔