سندھ بیورو کریسی میں تبادلے متوقع، چیف سیکرٹری کیلئے لابنگ شروع

January 28, 2022

کراچی (رپورٹ / رفیق بشیر) سندھ بیورو کریسی میں آئندہ چند روز میں گریڈ 18سے 20تک کے درجنوں افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے متوقع ہیں جبکہ چیف سیکرٹری سندھ 7؍ مارچ کو ریٹائرڈ ہورہے ہیں تاہم ابھی سے ہی گریڈ 21اور 22کے افسران نے چیف سیکرٹری سندھ مقرر ہونے کیلئے لابنگ شروع کردی ہے، ان میں قائم علی شاہ کی صاحبزادی ناہید درانی، صوبائی وزیر اکرام اللہ دھاریجو کے بڑے بھائی انعام اللہ دھاریجو اور وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کے بہنوئی آصف حیدر شاہ شامل ہیں لیکن وفاقی حکومت نے ان تینوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جس کے بعد مشترکہ طور ایک نیا نام سہیل راجپوت وفاقی حکومت کو ارسال کیا گیا ہے۔ سہیل راجپوت اس وقت وفاقی سیکرٹری ہیں اور سندھ حکومت کے عہدوں پر رہنے کے علاوہ کمشنر کراچی بھی رہے چکے ہیں۔ تاہم وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے گہرے دوست اور قابل اعتماد ساتھی آغا واصف جو گریڈ 21؍ کے افسر ہیں وہ بھی چیف سیکرٹری کے امیدوار ہیں، اگر 7؍ مارچ سے قبل فیڈرل افسران کی پروموشن کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے اور آغا واصف گریڈ 22؍ میں چلے جاتے ہیں تو آغا واصف بھی چیف سیکرٹری کے مضبوط امیدوار ہوسکتے ہیں۔علاوہ ازیں اپنی مدت ملازمت پوری کرکے سیکرٹری داخلہ قاضی شاہد بدھ کو ریٹائرڈ ہوگئے ہیں جبکہ فروری اور مارچ میں مختلف محکموں کے سربراہ 20؍ گریڈ کے 5؍ افسران ریٹائر ہورہے ہیں گریڈ 20کے 16افسران کے تبادلے بدھ کو کئے گئے اور امکان ہے چند روز میں ایک درجن سے ڈپٹی کمشنر کے تبادلے ہوں گے،حکومت سندھ نے اپنی کارکردگی بہتر کرنے اور قابل افسران کو مختلف عہدوں پر لانے کے لئے منصوبہ بندی کی ہے ۔