13۔Gمیں پولیس مقابلہ ،ایک ڈاکوہلاک ،دوسرا زخمی حالت میں گرفتار

January 28, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی تیرہ میں پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ،دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو فرار ہوگئے ۔ پولیس سیکٹر جی تیرہ میں گاڑی چوری اور ڈکیتی کی روک تھام کیلئے چیکنگ کررہی تھی کہ پولیس اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا،گاڑی میں موجود ملزمان نے پولیس پر بلا اشتعال فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی ،پولیس نے حکمت عملی سے گاڑی کو دوبارہ روکا تو ملزمان نے دوبارہ فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک اور ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا، دو ملزمان فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں مرنے والے ڈاکو کی شناخت فیض محمد کے نام سے ہوئی جو افغان باشندہ ہے،زخمی ڈاکو کی شناخت سردار خان کے نام سے ہوئی۔گینگ کراچی کمپنی اور جی ٹین کے علاقوں میں گھریلو ڈکیتیوں اور حالیہ دیگر متعددوارداتوں میں ملوث نکلا، ملزم سردار خان کار چوری کے درجنوں مقدمات میں متعدد بار جیل جاچکا ہے۔ ملزم فیض احمد پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، دہشتگردی، کارچوری سمیت 14مقدمات میں جیل جاچکا ہے۔قبضہ میں لی گئی ڈاکوئوں کے زیر استعمال گاڑی حالیہ گھریلو ڈکیتیوں اور دیگر وارداتوں میں استعمال ہوئی۔ گاڑی سے اسلحہ، ٹریکر ناکارہ کرنے والے جیمر،ورچیول ایموبیلائزر اور دیگر آلات بھی ملے ہیں۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ گولڑہ میں درج کر لیا گیا ۔