اسٹاک مارکیٹ، ہفتے کے اختتام پر ملا جلا رجحان، انڈیکس میں 5 پوائنٹس کی کمی

January 29, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج، منافع کے حصول کی خاطر فروخت کا دباؤ،کاروباری ہفتے کے اختتام پر ملا جلا رحجان ، کے ایس ای100انڈیکس میں 5 پوائنٹس کی معمولی کمی ،60.06 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی۔ سرمایہ کاری مالیت میں بھی 10 ارب 47 کروڑ 2 لاکھ روپے کا اضافہ،کاروباری حجم 49.15 فیصد زیادہ رہا تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظوری کے بعد آئی ایم ایف پر وگرام کی راہ ہموار ہوجانے کی خبروں سے سرمایہ کار وں کی جانب سے سرگرمی دیکھنے میں آئی اور ایک موقع پر 100انڈیکس 229 پوائنٹس تک بڑھا لیکن بعد ازاں منافع کے حصول کی خاطر فروخت کا دباؤ بڑھنے سے مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی اور اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 5.13 پوائنٹس کی کمی سے 45077.91پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 35.11 پوائنٹس کی کمی سے 17792.99 پوائنٹس ہو گیا لیکن اس کے برعکس آل شیئرز انڈیکس 41.91 پوائنٹس کے اضافے سے 30802.68 پوائنٹس پر آگیا۔ مجموعی طور پر مارکیٹ میں 333کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 200کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 113 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 20کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 10ارب 47 کروڑ 2 لاکھ 77ہزار روپے کے اضافے سے 7715 ارب 3 کروڑ 58 لاکھ 68ہزار روپے ہو گئی۔،خرید و فروخت بڑھنے سے کاروباری حجم 8 کروڑ 53 لاکھ 21ہزار شیئرز کےاضافے سے 25 کروڑ 89 لاکھ 12ہزار شیئرز تک پہنچ گیا۔ جمعہ کو کاروباری حجم کے لحاظ سے ہم نیٹ ورک ، ورلڈ کال، غنی گلوبل ہولڈنگ ، ٹی آر جی اور اینگرو فرٹیلائزر سر فہرست رہے۔ سب سے زیادہ اضافہ نیسلے پاکستان اور سفائر ٹیکسٹائل کے شیئرز کی قیمت میں ہوا جو بالترتیب 150.00 روپے اور 65.07 روپے فی شیئرز تھا دوسری جانب سب سے زیادہ کمی یونی لیور فوڈ اور کولگیٹ پامولیو کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو کہ 280.00 روپے اور 114.99 روپے فی شیئرز تھی۔