شاہنواز دھانی اور عمران طاہر کی سندھی میں گفتگو کرتے ویڈیو وائرل

January 29, 2022

کراچی (جنگ نیوز) پاکستان سپر لیگ میں شامل ٹیم ملتان سلطانز کے کھلاڑی شاہنواز دھانی ہمیشہ کچھ نیا کرکے خبروں میں رہتے ہیں۔ لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے دن انکی عمران طاہر کے ساتھ سندھی میں بات چیت کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں شاہنواز دھانی پاکستانی نژاد جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر کو گلے لگاتے ہیں اور ان کے ساتھ سندھی زبان بولتے ہیں۔ واضح رہے کہ دھانی نے کچھ روز قبل جیونیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ جنوبی افریقا کی نمائندگی کرنیوالے عمران طاہر کا بنیاد ی تعلق سندھ سے ہی ہے ۔