اسد عمر کا کراچی کیلیے 100 ارب روپے کے منصوبوں کا اعلان

January 29, 2022


وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی کے مسائل حل کرنے اور کراچی والوں کی پیاس بجھانے کیلیے 100 ارب روپے کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی نہ سندھ میں حکومت بچے گی نہ کراچی میں، جو کچھ پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی کے ساتھ کیا، لوگ سود سمیت لوٹائیں گے۔

کو آپریٹو مارکیٹ بحالی کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جو نقصان کراچی کا کیا ہے، وہ کراچی والوں کو منافع سمیت لوٹائیں گے۔ کچھ دنوں میں کراچی میں دنیا کی بہترین انٹرسٹی ٹرین چلتی نظر آئے گی، کے فور منصوبے سے کراچی کو پہلے مرحلےمیں چھبیس کروڑ گیلن یومیہ پانی ملے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہےہیں، عمران خان خدمت پر یقین رکھتے ہیں، آفتاب صدیقی اور خرم شیر زمان علاقے کا درد رکھتے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ کراچی میں جدید ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں تھا، آج کراچی کے لوگ گرین لائن میں سفر کر رہے ہیں، لاکھوں کی تعداد میں لوگ گرین لائن بس میں سفر کرچکے، جو پوچھتے تھے تبدیلی کہاں ہے ،گرین لائن میں سفر کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف خدمت کی سیاست کرتی ہے، پرویز مشرف کے دور میں ہمیں کراچی میں کام ہوتے ہوئے دکھائی دیے، کراچی میں بھی آپ کو جدید ٹرین چلتی ہوئی نظر آئے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ کراچی کے لوگ بوند بوند پانی کیلئے ترستے ہیں، سرکلر ریلوے کا منصوبہ بھی وفاقی حکومت بنائے گی، مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو پورا ظاہر نہیں کیاجاتا۔