نبیل گبول نے شہباز شریف کو اچھا اداکار کہہ دیا

January 30, 2022

فائل فوٹو

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نبیل گبول نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو اچھا اداکار کہہ دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام جشن کرکٹ میں میزبان کے سوال پر نبیل گبول نے کہا کہ سیاستدانوں میں شہباز شریف اچھی اداکاری کرتے ہیں۔

اس پروگرام میں نبیل گبول اور اداکارہ آمنہ الیاس بطور مہمان شریک ہوئیں تو ان سے استفسار کیا گیا کہ کیا سیاستدانوں کو اداکاری بھی آنی چاہیے؟

اس موقع پر آمنہ الیاس نے کہا کہ پاکستانیوں کی اکثریت یہی سمجھتی ہے کہ سیاستدانوں کو اداکاری آنی چاہیے۔

اس پر نبیل گبول نے کہا کہ آپ جانتے ہیں مجھے اداکاری نہیں آتی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ سیاستدانوں کی اکثریت اداکار نہیں ہوتی ہے لیکن اُن کے خیال میں شہباز شریف اچھی اداکاری کرتے ہیں۔

اس دوران بتایا گیا کہ نبیل گبول نے ایک پروگرام میں ریحام خان کو شادی کی آفر کی تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا تھا اور پھر چند دن بعد ان کی شادی عمران خان سے ہوگئی تھی۔

پی پی رہنما نے آمنہ الیاس سے کہا کہ اگر وہ کسی وزیراعظم کی اہلیہ بننا چاہتی ہیں؟ اور اُن کا جواب ہاں میں ہے تو میں آپ کو پرپوز کردیتا ہوں۔