نئی فلمی جوڑیاں

March 15, 2022

پاکستان فلم انڈسٹری کے ٹائٹینک کو ڈوبنے سے بچانے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ تمام ہنرمند، فن کار، فلم ساز اور ڈائریکٹر سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔ رواں برس عیدالفظر پر فلموں کا شان دار فیسٹیول سجایا جا رہا ہے۔ ایک دو نہیں پُوری پانچ فلمیں ریلیز کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ان پانچ فلموں میں چار اُردو اور ایک پنجابی زبان کی فلم شامل ہے۔ اس سلسلے میں فلمی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ گُھپ اندھیرے میں کچھ باہمت اور بہادر فلم ساز اُمیدوں کے چراغ روشن کرنے کے لیے میدان میں اُتر گئے ہیں۔ فلمی تقریبات نے مایوسیوں کے اندھیروں کو کم کرنے میں کسی حد تک اپنا کردار ادا کیا ہے۔ خُوشی اور مَسرت کی بات یہ ہے کہ ان پانچ فلموں میں نئی فن کار جوڑیاں سلور اسکرین پر جگمگائے گیں۔

لالی وڈ کا ایک دور ایسا بھی گزرا ہے، جب فلمی جوڑیوں کی وجہ سے فلم بین سینما گھروں کا رُخ کرتے تھے۔ ان جوڑیوں میں سب سے زیادہ کام یاب جوڑی ندیم اور شبنم کی ثابت ہوئی۔ ان دونوں فن کاروں نے کئی دہائیوں تک پردۂ سیمیں پر راج کیا۔ اسی طرح چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی جوڑی شمیم آرا اور زیبا کے ساتھ بے حد پسند کی گئی۔ صبیحہ سنتوش کے پیئر کو بھی سراہا گیا۔ سلطان راہی اور انجمن کے بھی مداحوں کی تعداد ان گنت رہی۔ محمد علی اور زیبا کی جوڑی نے بھی کئی سپرہٹ فلموں سے انڈسٹری کو نوازا۔ کاش وہ دور واپس آ جائے، جب سال بھر میں 120 سے زیادہ فلمیں سینما گھروں کی زینت بنتی تھیں۔

اب ہم بات کرتے ہیں رواں برس عیدالفظر پر ریلیز ہونے والی پانچ فلموں کی فن کار جوڑیوں کی۔ سب سے پہلے ہم سپراسٹار صبا قمر اور زاہد احمد کی جیو فلمز کے تعاون سے ریلیز ہونے والی فلم ’’گھبرانا نہیں ہے‘‘ پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ صبا قمر نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی اپنی منفرد فن کارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ بالی وڈ کے منجھے ہوئے اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ میں جَم کر اداکاری کی اور دونوں ملکوں کے فلم بینوں نے صبا قمر کی اداکاری کی تعریف کی۔

عالمی شہرت یافتہ گائیک اُستاد راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم بھی صبا قمر کے معترف ہوگئے تھے۔ فلم ’’گھبرانا نہیں ہے‘‘ نے اپنے نام کی وجہ سے فلم بینوں کی فوری توجہ حاصل کرلی۔ اس فلم کی ریلیز کا سب کو بے قراری اور بے چینی سے انتظار ہے۔ فلم کے ٹیزر نے دُھوم مچا رکھی ہے۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ اس فلم میں صبا قمر اور زاہد احمد کی جوڑی کو پسند کیا جائے گا، کیوں کہ ٹی وی ناظرین ان دونوں فن کاروں کے کئی ڈرامے بھی دیکھ چکے ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر جبران بیگ اور حسن ضیاء ہیں۔

حسن ضیاء کو درجنوں ڈراموں اور دو تین فلمیں پروڈیوس کرنے کاتجربہ ہے۔ فلم میں کئی نئی چیزیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر ثاقب خان پہلی مرتبہ ڈائریکشن دے رہے ہیں۔ ساتھ ساتھ معروف یوٹیوبر جنید اکرم اور چینل رپورٹر امین حفیظ کو بھی ٹیزر میں دل چسپی سے دیکھا گیا ہے۔

معروف فلم ساز اور ہدایت کار وجاہت رئوف نے اپنی چوتھی فلم ’’پردے میں رہنے دو‘‘ عیدالفطر پر ریلیز کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں مقامی ہوٹل میں ایک تعارفی تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں درجنوں شہرت یافتہ فن کاروں نے شرکت کی۔ فلم ’’پردے میں رہنے دو‘‘ کی مرکزی کاسٹ میں ہانیہ عامر اور علی رحمٰن نظر آئیں گے۔ ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی جوڑی پہلی مرتبہ سینما اسکرین پر جلوہ گر ہوگی۔ دونوں فن کاروں نے اس سے قبل الگ الگ کام کیا ہے۔

اداکار علی رحمٰن کو فلم بین حریم فاروق کے ساتھ فلم ’’پرچی‘‘ میں دیکھ چکے ہیں، جب کہ ہانیہ عامر تقریباً تین برس کے بعد سینما اسکرین پر نظر آئیں گی۔ اس سے قبل وہ فلم پرواز ہے جنوں، لوڈ ویڈنگ، سپر اسٹار اور نامعلوم افراد ٹو میں بھی کام کر چکی ہیں۔ ’’پردے میں رہنے دو‘‘ کے نام سے ماضی میں ایک سپرہٹ فلم بن چکی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا یہ نئی فلم بھی اسی طرح مقبولیت حاصل کرے گی۔ ہانیہ عامر پاکستان کی شوبزنس انڈسٹری میں بہت تیزی سے اُبھر کر سامنے آئی ہیں۔ وجاہت رئوف کے مطابق فلم روٹھے ہوئے شائقین کو واپس سینما گھروں کا رُخ کرنے پر مجبور کرے گی۔ اس میں جاوید شیخ بھی دل چسپ کردار میں نظر آئیں گے۔

پاکستان کی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کے مقبول فن کار احسن خان اور نیلم منیر ایک مرتبہ پھر سینما اسکرین پر جلوے بکھیرنے آ رہے ہیں۔ ان دونوں کی نئی فلم ’’چکر‘‘ بھی عیدالفطر پر ریلیز ہو رہی ہے۔ احسن خان اور نیلم منیر اس سے قبل فلم ’’چھپن چھپائی‘‘ کے مرکزی کرداروں میں بے حد پسند کیے گئے تھے۔ نیلم منیر اور احسن خان کی اسکرین کیمسٹری بہت عمدہ ہے۔ انہیں جیو کے سپرہٹ ڈرامے ’’قیامت‘‘ میں بھی سراہا گیا تھا۔ ہدایت کار یاسر نواز بھی اپنی اس فلم میں اسکرین پر بھی نظر آئیں گے۔

یاسر نواز نے اس سے قبل تین فلمیں ڈائریکٹ کی ہیں، جو بے حد کام یاب ثابت ہوئیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ اپنے ساتھی پروڈیوسر حسن ضیاء کے بغیر کتنی معیاری فلم بنانے میں کام یاب ثابت ہوئے ہیں۔ نیلم منیر اور احسن خان کے ’’چکر‘‘ میں جاوید شیخ کے کمالات بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ یاسر نواز نے اپنی گزشتہ تمام فلموں میں جاوید شیخ کو کاسٹ کیا ہے۔ اور اب چوتھی فلم میں بھی جاوید شیخ کو اپنی فلم کا حصہ بنایا ہے۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ یہ فلم احسن خان اور نیلم منیر کی شرارتوں کی وجہ سے فلم بینوں کی توجہ حاصل کرے گی۔

پاکستان فلم انڈسٹری میں اداکاروں کا فلم پروڈیوس کرنا کوئی نئی بات نہیں، البتہ ایسا کم دیکھا گیا ہے کہ فلم کی ہیروئن نے اپنی فلم کی کہانی خود لکھی ہو۔ جی ہاں ہم بات کر رہے ہیں اداکار عدنان صدیقی اور اختر حسنین کی نئی فلم ’’دم مستم‘‘ کی۔ اس فلم میں بہت ساری چیزیں نئی دیکھنے کو ملیں گی۔ ٹیلی ویژن انڈسٹری میں ’’بھولا‘‘ کے کردار سے غیرمعمولی شہرت حاصل کرنے والے باکمال اداکار عمران اشرف اور امر خان پہلی بار سینما اسکرین پر مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ یہ دونوں فن کار ٹیلی ویژن ڈراموں میں الگ الگ رہ کر تو بہت کام کر چکے ہیں۔ دونوں کو ٹیلی ویژن ناظرین بے حد پسند کرتے ہیں۔ اب سینما اسکرین پر دونوں پہلی بار جادو جگانے آ رہے ہیں۔

گزشتہ دنوں فلم کی تعارفی تقریب میں فن کاروں کا میلہ دیکھنے میں آیا۔ فلم کی ہیروئن امر خان نے خُود فلم کی کہانی لکھی ہے۔ اس کے علاوہ ’’دم مستم‘‘ میں اُستاد راحت فتح علی خان بھی ایک مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم میں موسیقی کے شعبے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ فلم کے ہدایت کار احتشام الدین کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ وہ اس سے قبل ’’سپر اسٹار‘‘ جیسی کام یاب فلم بنا چکے ہیں۔

عمران اشرف اور امر خان کی جوڑی فلم ’’دم مستم‘‘ میں فلم بینوں کی توقعات پر پورا اُترے گی، اس کے لیے تھوڑا سا انتظار کرنا ہوگا۔ عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی پانچویں فلم پنجابی زبان کی ہے، جسے نامور ہدایت کار سیّد نور نے بنایا ہے۔ فلم کا نام ’’باجرے دی راکھی‘‘ ہے۔ اس فلم میں سوشل میڈیا کی سپر اسٹار جنت مرزا اور عبداللہ خان کی جوڑی سامنے آئے گی۔ دیگر فن کاروں میں عامر قریشی، مصطفیٰ قریشی، عرفان کھوسٹ اور شفقت چیمہ بھی شامل ہیں۔ اُمید ہے یہ فلم کام یاب ہوگی۔ امید کی جارہی ہے کہ عید کا فلم فیسٹیول ان نئی فن کار جوڑیوں کی وجہ سے رنگا رنگ ثابت ہوگا۔