پانی میں آلودگی بتانے والا دستی ڈی این اے کمپیوٹر

March 14, 2022

الینوائے کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے جولیئس لکس نے ڈی این سے حیاتیاتی کمپیوٹر کے تحت کام کرنے والا سینسر بنایا ہے جو بہت کم خرچ اور سادہ ہے۔ یہ آلودگی کااظہار کمپیوٹر کی زبان میں کرتا ہے۔ ایک جانب تو یہ آبی آلودگی ظاہر کرنے والا سادہ سینسر ہے اور دوسری جانب اس سے حیاتیاتی کمپیوٹر سازی میں بھی پیش رفت ہوگی۔ پانی کے صرف ایک قطرے سے یہ آلودگی شناخت کرسکتا ہے۔

اس میں ایک تبدیل شدہ پروٹین کا ڈی این اے ملایا گیا ہے جو آلودہ کیمیا اجزا کی موجودگی میں روشنی کے سالمات خارج کرتا ہے۔ اس طرح صرف دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پانی کا نمونہ کتنا گندا ہے۔ پہلے فلٹر میں زندہ بیکٹیریا شامل کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ لیکن اس کی انجینئر نگ سے بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا، کیوں کہ بیکٹیریا کو سرگرم رکھنا بہت مشکل تھا۔ اس کے بعد مصنوعی (سنتھے ٹِک) حیاتیات پرغورکیا گیا۔

اب یہ جدید ترین سینسر کمپیوٹر تبدیل شدہ ڈی این اے کی بدولت شاندار نتائج فراہم کرتا ہے اور پانی میں موجود خطرناک کیمیائی اجزا کو محسوس کرسکتا ہے۔ اسے ’’روزالِنڈ ٹو‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جس میں 8 چھوٹی ٹیسٹ ٹیوب نصب ہیں اور ہر ایک میں مختلف شدت کی آلودگیاں ناپنے والے مختلف سینسر لگے ہیں۔ اب اگر ایک ٹیوب روشنی دے تو وہ بتاتی ہے کہ اس میں ایک آلودگی ہے۔ اگر زیادہ ٹیوب روشنیاں خارج کریں تو وہ بتاتی ہیں کہ پانی قدرے آلودہ ہے۔ تبدیل شدہ ڈی این اے کے ریشے ہر آلودہ شے سے چپک کر روشنی خارج کرتے ہیں۔

اس طرح ہر ٹیوب آلودگی کی شدت کو بتاتی جاتی ہے۔ اس طرح ٹیوب میں روشنی دیکھ کر آلودگی کی شدت کا پتا لگایا جاسکتا ہے۔ ماہرین نے جب اسے آزمایا تو ڈی این اے سینسر نے کامیابی سے پانی میں جست، اینٹی بایوٹکس اور صنعتی فضلے سے خارج ہونے والے کئی کیمیکل کامیابی سے شناخت کئے۔

اس سینسر کا محلول منجمند کرکے ایک سے دوسری جگہ بھیجا جاسکتا ہے۔ اب چند قطرے پانی ڈال کر اسے تیارکیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر جولیئس کے مطابق یہ سینسر خاص طور پر پینے کے پانی کی آزمائش کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ نہایت کم خرچ اور استعمال میں آسان ہے۔