ہر ہندوستانی کو فلم ’دی کشمیر فائلز‘ لازمی دیکھنی چاہیے، عامر خان

March 22, 2022

عامر خان، فائل فوٹو

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے اپنے تمام بھارتی مداحوں کو مشورہ دیا ہےکہ فلم ’دی کشمیر فائلز‘ لازمی دیکھیں۔

عامر خان نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں فلم’دی کشمیر فائلز‘ کے بارے میں بات کی اور اپنے بھارتی مداحوں کو یہ فلم لازمی دیکھنے کا مشورہ دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ’وہ یہ فلم ضرور دیکھیں گے، یہ ہماری تاریخ کا ایک حصّہ ہے جوکہ دل دہلا دینے والا ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’کشمیری پنڈتوں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے، ہر ہندوستانی کو اس موضوع پر بنی فلم دیکھنی چاہیے اور اسے یاد کرنا چاہیے کہ جب کوئی شخص اس طرح کے صدمے سے گزرتا ہے تو کیسا محسوس ہوتا ہے‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ’اس فلم نے ان تمام لوگوں کے جذبات کو چھو لیا ہے جو انسانیت پر یقین رکھتے ہیں اور یہی کمال ہے‘۔

عامر خان کا کہنا ہے کہ’وہ یہ فلم ضرور دیکھیں گے اور اُنہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ یہ فلم کامیاب رہی‘۔

اُنہوں نےاپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ’اُنہیں لگتا ہے کہ ہندوستان میں وہ وقت بہت دردناک تھا، لوگوں کو اسے غور سے دیکھنا چاہیے اور یاد رکھنا چاہیے‘۔

وویک اگنی ہوتری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’دی کشمیر فائلز‘ میں اداکار متھوں چکرورتی، انوپم کھیر، درشن کمار، پلّوی جوشی، پونیت اسار، مرِنل کلکرنی اور دیگر شامل ہیں۔

یہ فلم 1990 میں اس وقت کے جموں و کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کے انخلاء پر مبنی ہے۔

ہدایتکار کا فلم کی کہانی کے بارے میں یہ دعویٰ ہے کہ یہ فلم ’مکمل طور پر حقائق پر‘مبنی ہے۔