نُور و نکہت کا جیسے ہو سیلِ رواں...

April 03, 2022

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: صلہ جنید

ملبوسات: ڈریسز بائےمنوش

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

ربِّ مہربان کا فرمان ہے،’’روزوں کا مہینہ رمضان ہے، جس میں قرآن نازل ہوا، جو لوگوں کو ہدایت دینے والاہے اور جس میں ہدایت کی کُھلی نشانیاں ہیں اور جو حق و باطل کو الگ الگ کرنے والا ہے۔ تو جو کوئی تم میں سے اس مہینے میں موجود ہو، اُسے چاہیے کہ پورے مہینے کے روزے رکھے اور جو بیمار ہو یا سفر میں ہو، تو دوسرے دِنوں میں روزے رکھ کر ان کا شمار پورا کر لے۔ اللہ تمہارے حق میں آسانی چاہتا ہے، سختی نہیں۔ اور یہ آسانی کا حکم اس لیے دیا گیا ہے کہ تم روزوں کا شمار پورا کر لو اور اس احسان کے بدلے کہ اللہ نے تم کو ہدایت بخشی ہے۔ تم اس کو بزرگی سے یاد کرو اور اس کا شُکر کرو۔‘‘(سورۃ البقرہ،185) اور یہ شُکر ہی کا مقام ہے کہ ہمیں ایک بار پھر اس پُر نور مہینے کی برکات و ثمرات سمیٹنے کا موقع ملا ہے، لہٰذا اللہ کی خوش نودی کے لیےاس پورے مہینے کو اس کے شایانِ شان گزارنے کی سعی کریں اورچوں کہ اس ماہِ مبارک میں ظاہری حلیےکا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے، توہم نے بھی اپنی بزم موقعے اور ماحول سے ہم آہنگ ہی رکھنے کی کوشش کی ہے۔

ذرا دیکھیے، سیاہ رنگ پاجامے کے ساتھ لان کی فون رنگ پرنٹڈ قمیص اور خُوب نفاست سے لیا گیا پرنٹڈ دوپٹا کیسا پیارا لگ رہا ہے۔پھر بےبی پنک رنگ ایمبرائڈرڈ قمیص اور دوپٹے کا انداز بھی کچھ کم دِل نشین نہیں۔ ٹیل رنگ ڈبل لیئر فراک کا انتخاب بھی اچھا ہے کہ فراک کا اِنر پلین، جب کہ اَپر ٹشو کا ہے، جس کے اوپری حصّے پر کوٹی اسٹائل میں زری،ستارہ ورک کے ساتھ کام دار دوپٹا خُوب جچ رہا ہے۔

اسی طرح گہرے نیلے رنگ کی ایمبوزڈ قمیص کے ساتھ آتشی گلابی رنگ ستارہ لیس سے آراستہ ایمبوزڈ دوپٹےکا اندازبھی خوش نُما ہے۔ جب کہ اِسی پیراہن کے ساتھ سِلک کےسُرخ رنگ اورملٹی شیڈڈ دوپٹے کا انتخاب بھی لاجواب ہے۔