ترین گروپ کی اکثریت نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا مشورہ دیدیا، ذرائع

March 30, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ نے پنجاب میں ن لیگ کا ساتھ دینے کا مشورہ دے دیا۔

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں حکومت سازی کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں، ن لیگ اور ترین گروپ میں رابطے شروع ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ نے اپنی تجاویز جہانگیر ترین کو بھیج دیں، ترین گروپ کی اکثریت نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا مشورہ دیا۔

ذرائع کے مطابق ارکان نے رائے دی کہ ہمیں حکومت کے بجائے اپوزیشن کی طرف جھکاؤ کرنا چاہیے۔

لیگی رہنما ایاز صادق اور سعد رفیق نے گذشتہ روز ترین گروپ سے ملاقات کی تھی، ترین گروپ کو حکومت سازی میں ہر طرح سے ایڈجسٹ کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔