عید پر ’کم بجٹ‘ میں گھر کی تزئین و آرائش

April 24, 2022

عید ایک ایسا روایتی مذہبی تہوار ہوتا ہے جس کا ذکر سُنتے ہی سب کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔ نئے کپڑے، نئے جوتے، تحفے تحائف، میٹھے میٹھے مزیدار کھانے، پُرانی اشیا کی جگہ نئی دیدہ زیب چیزوں کی خریداری وغیرہ وغیرہ۔ یہ ساری چیزیں عید کا لطف اور مزہ دوبالا کردیتی ہیں۔

عید، گھر کو نیاپن اور تازگی دینے کا بھی ایک بہترین موقع ہوتا ہے۔ عید کے موقع پر رشتہ داروں اور دوستوں کی آمد کے پیشِ نظر گھر کی تزئین و آرائش کا منصوبہ بناتے وقت آپ کا دل چاہے گا کہ ہر وہ چیز جو آپ کو پسند آئے، اسے لاکر گھر میں سجا دیں۔ تاہم ایسا کرنا ناصرف آپ کے بجٹ پر بہت بھاری پڑسکتا ہے بلکہ یہ بات بھی نہ بھولیںکہ محض زیادہ سے زیادہ سامان بھر دینے سے گھر کی دیدہ زیب سجاوٹ کبھی نہیں ہوتی۔ اصل خوبصورتی اس وقت آتی ہے جب سامان ترتیب سے رکھا جائے۔ اس لیے اگر آپ تعداد میں کم اور گنجائش میں زیادہ چیزیں خریدیں گے تو گھر سجے گا بھی اور خوب صورت بھی لگے گا۔ تو پھر آئیے اس عید پر ’کم بجٹ میں گھر کی تزئین و آرائش‘ کے کچھ منفرد خیالات پر نظر ڈالتے ہیں۔

ڈرائنگ روم

عید کے موقع پر آپ کا ڈرائنگ روم سب سے زیادہ استعمال میں آتا ہے اور آپ کے گھر کا یہی حصہ مہمانوں کے سامنے سب سے زیادہ رہتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کو سب سے زیادہ توجہ بھی ڈرائنگ روم کی تزئین و آرائش پر ہی دینی چاہیے۔ ڈرائنگ روم کے لیے صرف پردے اور فرنیچر ہی کافی نہیں ہوتے بلکہ مختلف قسم کی نمائشی اشیا (شوپیس) ڈرائنگ روم کی رونق کو چار چاند لگانے کے لیے ضروری ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں بھی آپ کو تلاش کرنے سے مختلف قسم کے شو پیس بازار میں کم قیمت پر مل جائیںگے۔

ہال کی تزئین و آرائش

گھر میں داخل ہوتے ہی آپ کا ہال یا انٹرنس روم ہوتا ہے، جس کی سیٹنگ اور ڈیکوریشن مہمانوں کو سب سے پہلےمتاثر کرتی ہے۔ ایک منفرد انداز کا فرنیچر آپ کے اس ہال کے لیے ضروری ہے۔ فرنیچر، ہال کی دیوار کے ساتھ رکھیں اور کمرے میں مختلف رنگوں کا استعمال کریں۔ روشنی کے لیے لائٹ کا عمدہ انتظام ہال کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا اور یہ ایک بہترین ویلکم روم ہو گا۔ کوشش کریں کہ ہال میں جوتے اور چابیاں رکھنے کے لیے بھی ایک جگہ مختص ہو۔

حسین خواب گاہ

خواب گاہ کی تزئین و آرائش کے لیے آپ مندرجہ ذیل تجاویز پر غور کرسکتے ہیں: (1بیڈ پر رکھنے کے لیے دیوار کے ہم رنگ تکیے استعمال کریں۔ یہ بیڈروم کی خوب صورتی میں اچھا اضافہ ہوگا۔ 2)کسی بھی خواب گاہ میں روشنی کا مناسب انتظام کرنا بہت ضروری ہے اور اگر اس کے لیے چھوٹے چھوٹے بلبس کے ساتھ مرکز میں ایک جدید طرز کا فانوس لگایا جائے تو روشنی کے ساتھ اس کی خوب صورتی کو بھی چار چاند لگ جائیں گے۔3) بیڈ کے دونوں اطراف لیمپ کا استعمال خوبصورت لگتا ہے۔4) آرام گاہ میں بیڈ کے ساتھ، میچنگ اسٹول اور کرسی رکھنے سے نا صرف اس میں بیٹھنے کے لیے جگہ کا انتظام ہو گا بلکہ اس سے کمرہ خوبصورت بھی لگے گا۔5)پورے کمرے میں خوبصورت اور ہلکے پردوں کا استعمال کیجیے۔ یہ آپ کے بیڈروم کو بہت خوبصورت بنادے گا۔

بچوں کا کمرہ

بچے عید کا سب سے زیادہ بے صبری سے انتظار کرتے ہیں، اس لیے جب آپ عید پر گھر کی تزئین و آرائش کا سوچیں، تو بچوں کے کمرے پر خاص توجہ دیں۔ آپ بچوں کی عمر کے لحاظ سے پیلا، نیلا، سبز یا اور کوئی شوخ رنگ منتخب کر سکتے ہیں۔ کمرے میں زیادہ فرنیچر نہ رکھیں تاکہ بچوں کو چہل پہل، کھیل کود اور جسمانی سرگرمیوں کے لیے کھُلی جگہ زیادہ سے زیادہ دستیاب ہو۔

مزید یہ کہ، جو مٹیریل بچوں کے کمرے میں استعمال ہو، وہ اس قسم کا ہو کہ اس کی صفائی کرنا آسان ہو۔ بہتر ہےکہ بچوں کے کمرے میں چیزیں رکھنے کے لیے آپ اچھے مٹیریل کی با سکٹ یا کپڑ ے کے بیگ استعمال کریں۔ ان کا ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ ان چیزوں کو لٹکا بھی سکتے ہیں۔

باورچی خانہ

اگر آپ کو کچن کیبنٹس پُرانے لگ رہے ہیںتو انھیں تبدیل کرنے کے بجائے دوبارہ پینٹ کرنے یا ان کی بالائی شیٹ تبدیل کرنے سے بھی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ بوسیدہ اور ناکارہ چیزوں کو باورچی خانہ سے ہٹائیں اور اسے کشادہ، دلکش اور خوبصورت انداز میں ترتیب دیں۔ باورچی خانہ کو ہر وقت تروتازہ رکھنے کے لیے ایک بات کو اپنے معمول میں شامل رکھیں کہ برتن صاف کرنے والا اسفنج جیسے ہی خراب ہونے لگے، اسے فوری طور پر تبدیل کردیں۔

پھول، موم بتیاں اور دیگر تفصیلات

چھوٹی آرائشی تفصیلات جیسے پھول، پودے، موم بتیاں اور تصاویر گھر کو آرام دہ اور خوشگوار ماحول فراہم کرتی ہیں۔ آپ ان آرائشی اشیا کو گھر میں کرسی، صوفے، ٹیبل، روم کارنر اور ہال میں جہاں کہیں مناسب سمجھیں، سجاسکتے ہیں۔ اس کے نتائج حیران کن ہوں گے۔