جیل سسرال ہے تو شیخ رشید کی خواہش ضرور پوری ہوگی، حنیف عباسی

May 03, 2022

فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ جیل شیخ رشید کا سسرال ہے تو ان کی خواہش ضرور پوری ہو گی۔

شیخ رشید کے بیان پر درعمل دیتے ہوئے ن لیگی رہنما حنیف عباسی نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید ڈرامائی سیاست کرتے ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کے بھتیجے نے روضۂ رسولؐ کی بے حرمتی کی، اس نے اعلان کیا کہ اس نے لوگوں کو روضۂ رسولؐ پرحاضری دینے دی نہ نماز پڑھنے دی۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ آپ شیروں کے سامنے جائیں گے تو شیر منہ کھولے گا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد ہوں گے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں سازش ہو رہی ہے، لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے، ملک کے حالات خراب ہوسکتے ہیں۔

شیخ رشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حالات کو کہیں اور لے جانا چاہتے ہیں، دعا ہے ملک میں امن رہے، جھاڑو نہ پھر جائے۔

انہوں نے کہا کہ حالات خراب ہیں، 31 مئی تک معاملے کا حل نکالیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ لانگ مارچ میں عمران خان کے ساتھ ہوں، لانگ مارچ سب کا مشترکہ فیصلہ ہے، جیل ہماری سسرال، موت ہماری محبوبہ اور ہتھکڑی ہمارا زیور ہے۔