موٹر وے پر گاڑی الٹ گئی، شہباز گِل زخمی

May 05, 2022

موٹر وے پر ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل زخمی ہو گئے۔

موٹر وے پولیس کے ذرائع کے مطابق شہباز گل لاہور سے اسلام آباد جا رہے تھے کہ حادثہ پیش آنے کے باعث ان کی گاڑی الٹ گئی۔

حادثے کے وقت جابر نامی شخص سمیت 2 افراد بھی شہباز گِل کے ہمراہ گاڑی میں تھے، یہ دونوں افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔

موٹر وے پولیس نے موقع پر پہنچ کر شہباز گِل اور ان کے ساتھیوں کو گاڑی سے نکال کر ابتدائی طبی امداد دی۔

موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہباز گِل سمیت تینوں افراد کو اس حادثے میں معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔

شہباز گِل کے ساتھی نے الزام لگایا ہے کہ انہیں کسی گاڑی نے ٹکر ماری ہے جو کافی دیر سے ان کا پیچھا کر رہی تھی اور حادثے کے بعد وہ گاڑی غائب ہو گئی۔

موٹر وے پولیس کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ کیسے پیش آیا ہے۔