اشتر اوصاف اٹارنی جنرل مقرر

May 07, 2022

وفاقی حکومت کی جانب سے اشتر اوصاف علی کو اٹارنی جنرل مقرر کر دیا گیا۔

وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف نے اشتر اوصاف علی کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

اشتر اوصاف 16-2015ء میں وزیرِ اعظم کے اسپیشل اسسٹنٹ قانون و انصاف بھی رہ چکے ہیں۔

انہیں اس سے قبل سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف نے 2016ء میں اٹارنی جنرل مقرر کیا تھا۔

اشتر اوصاف نے 2018ء تک بطور اٹارنی جنرل خدمات انجام دی تھیں۔

وہ 12-2011ء میں صوبے کے پراسیکیوٹر جنرل بھی رہے ہیں۔

اشترا وصاف علی 2 مرتبہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بھی رہے ہیں، انہوں نے بطور اٹارنی جنرل فاٹا کے خیبر پختون خوا میں انضمام کے حوالے سے آئینی ترمیم کے مسودےکی تیاری میں کردار ادا کیا تھا۔

اشتر اوصاف نے جی ایس پی پلس تجارتی پیکیج کی تجدید میں بھی کردار ادا کیا، انہیں 2018ء میں ستارۂ امتیاز دیا گیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِاعظم عمران خان کی حکومت میں اٹارنی جنرل کے فرائض انجام دینے والے خالد جاوید خان نے گزشتہ ماہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔