پانی نہ گیس، زرغون ہاؤسنگ اسکیم میں دھول اڑتی رہتی ہے، رمضان ملا خیل

May 15, 2022

کوئٹہ ( پ ر ) زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے رہائشی محمد رمضان ملا خیل اور دیگر مکینوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ زرغو ن ہاؤسنگ اسکیم 2017 میں بظاہر مکمل ہونے کے با وجود اب تک بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔فراہمی آب کیلئے اوورہیڈ ٹینکس مکمل ہونے کے باوجود اب تک گھروں کو پانی کی سپلائی شروع نہیں کی گئی اسی طرح ایس ایس جی سی ایل کو گیس کی مین سپلائی پائپ لائن بچھانے کیلئے رقم کی ادائیگی کے باوجود معاملہ اب تک معرض التواء ہے اور اس گیس پائپ لائن کو مین پائپ لائن سے منسلک نہیں کیا گیا۔ اسٹریٹ لائٹس کیلئے ڈی جی کیو ڈی اے نے تقریباً دو ماہ قبل اسکیم کا دورہ کیا تھا اور اس میں اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کے علاوہ اسکیم کے مین پورشن میں خار دار تار لگانے اور پارکوں کو فعال بنانے جیسے اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی لیکن یہ سب باتیں ہوائی ثابت ہوئیں اور زمین پر کوئی کام نظر نہیں آ رہا۔تین سال گزرنے کے باوجود اسکیم کے اند رسڑکوں کی کارپٹنگ نہیں ہوئی اور اس کا مین روڈ بھی شارع عا م بنا ہوا ہے اور ابھی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا ہے۔ اسکیم میں ہر طرف دھول اڑتی ہے۔ اسکیم کے اندر گیس پائپ لائن بچھانے کا کام بھی بلا جواز تاخیر کا شکار ہے۔اب تک کی خبروں کے مطابق کیو ڈی اے کے تساہل کی وجہ سے چھ کروڑ کا یہ منصوبہ اب 21 کروڑ کو پہنچ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معیاری اسکیم کو ناکامی سے دوچار کرنے کیلئے کئی عوامل کام کر رہے ہیں۔ شہر میں بڑھتے ہوئے رش اور مکانات کی قلت کے سبب جو منصوبہ تشکیل دیا گیا تھا اس کی حالت دگرگوں ہے۔یہاں رہائش اختیار کرنے والوں کو حالات کی بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔ وزیر اعلیٰ کیو ڈی اے کے چیئرمین کا عہدہ بھی رکھتے ہیں لہٰذا صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اسکیم کو گیس و پانی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کیو ڈی اے اس شہر کو کئی بہترین اور کامیاب اسکیمیں دے چکا ہے مگر زرغون ہاؤسنگ اسکیم میں کام نہ ہونے کی وجہ سے کیو ڈی اے کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔کیو ڈی اے اپنی ساکھ کیلئے اسکیم کو جلد مکمل کرائے۔ فراہمی آب کیلئے تو اسکیم میں پائپ لائنیں تک بچھی ہوئی ہیں صرف ان کو اوور ہیڈ ٹینکس سے منسلک کیا جانا باقی ہے ۔ ذرا سی توجہ سے یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے ۔ اسی طرح خار دار تار لگانے کا وعدہ بھی ڈی جی کیو ڈی اے کر چکے ہیں جس پر عمل درآمد ہونے کا انتظار ہے۔ انہوں نے عدالت عالیہ سے بھی اپیل کی کہ وہ عوامی مشکلات کے پیش نظر اسکیم کے مسائل پر از خود نوٹس لے۔