پاکستان نژاد کونسلر یاسمین ڈار بلامقابلہ ڈپٹی لارڈ میئر مانچسٹر منتخب ہوگئیں

May 16, 2022

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) پاکستان نژاد کونسلر یاسمین ڈار 2022-2023کے لیے لیبر پارٹی کی جانب سے مانچسٹر سٹی کونسل کی بلامقابلہ ڈپٹی لارڈ مئیر منتخب ہوگئیں۔ کونسلر یاسمین ڈار 2023میں لارڈ مئیر مانچسٹر بن جائیں گی، کونسلر یاسمین ڈار پہلی مرتبہ2014میں کونسلر منتخب ہوئی تھیں۔ اس کے بعد دوسری مرتبہ 2016پھر مسلسل 3بار کونسلر منتحب ہوتی آرہی ہیں۔ یاسمین ڈار لیبر پارٹی برطانیہ کی ایگزیکٹو کمیٹی، گورننگ باڈی کی ممبر ہیں، وہ9 ایگزیکٹو ممبران میں سے ایک ہیں اور گریٹر مانچسٹر کی جیل میں قیدیوں،ذہنی مریضوں، پروفیشنل سوشل ورکرزکو دین اسلام کے حوالے سے عرصہ دراز سے آگاہی فراہم کرتی ہیں۔ مانچسٹر میں چیرٹی ورک جن میں بچوں کو لیڈر شپ کی تربیت کے حوالے سے 2009سے خدمات سر انجام دے رہی ہیں، کونسلر یاسمین ڈار معروف عالم دین اور سلسلہ نقشبندیہ کے پیشوا صوفی محمد اسلم کی بھتیجی ہیں، کونسلر یاسمین ڈار نے برطانیہ اور یورپی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ تحریک حق خودارادیت یورپ کے ساتھ مل کر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی اور کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کیخلاف بین الاقوامی سطح پر کانفرس میں بھی حصہ لیا۔ کونسلر یاسمین ڈار کے چھوٹے بھائی کو نسلر ماجد ڈار مانچسٹر سٹی کونسل میں کونسلر ہیں اور ان کے دوسرے بھائی شعبہ قانون سے وابستہ ہیں۔ کونسلر یاسمین ڈار کا تعلق ضلع جہلم اور بلال ٹاون سے ہے۔ کونسلر یاسمین ڈار کے والدین محمد اکرم ڈار مرحوم 1960میں فیملی کے ساتھ روز گار کے سلسلہ میں برطانیہ آئے تھے، گزشتہ برس میں سابق لارڈ مئیر مانچسٹر کونسلر عابد لطیف چوہان، اور مئیر پرسٹن کونسلر جاوید اقبال، شیڈو وزیر انصاف افضل خان ، لارڈ مئیر برمنگھم کونسلر محمد افضل کا تعلق بھی جہلم سے ہے۔