امپورٹڈ حکومت عمران کی مقبولیت سے گھبراکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، یاسر قدیر

May 16, 2022

پیرس (رضا چوہدری ) تحریک انصاف یورپ کے سینئر رہنما و سابقہ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن یاسر قدیر نے سیالکوٹ جلسہ والی جگہ کو منسوخ کرنے ، پی ٹی آئی سیالکوٹ کے مرکزی رہنما عثمان ڈار اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری اور تشدد پر مرکزی و صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ فاشسٹ امپورٹڈ حکومت عمران خان کی دن بدن بڑھتی مقبولیت اور ایک سے بڑھ کر ایک کامیاب جلسوں سے بوکھلا کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے جبکہ پی ٹی آئی قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے جمہوری حق کے تحت پر امن جلسے کر رہی ہے لیکن امپورٹڈ لندن پلان کے تحت ایک مجرم کی طرف سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں اب ملک میں خون خرابہ کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے عثمان ڈار اور ان کے ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کے اصلی ٹائیگرز ہیں اور فسطائی حکومت کے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کا مردانہ وار مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس وقت عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے اور انشاللہ عمران خان کی قیادت میں قوم ان غلاموں اور کرپٹ حکمرانوں سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کرے گی اور جب بھی عمران خان اسلام آباد لانگ مارچ کی کال دیں گے پوری قوم باہر نکل آئے گی اور اوورسیز میں بسنے والے پاکستانی بھی اپنے قائد عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اسلام آباد لانگ مارچ میں شرکت کریں گے۔