حکومت مہنگائی کے آگے بندنہیں باندھ سکتی، الطاف شاہد

May 16, 2022

لندن (پ ر) پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا ہے کہ مہنگائی مزید بڑھ گئی حکمران کہاں ہیں۔ شہباز شریف جواب دیں وہ لندن سے عوام کیلئے کیا لے کرآئے ہیں۔نیب زدگان کی حکومت مہنگائی کے آگے بندنہیں باندھ سکتی۔ آئی ایم ایف نے عوام پرپٹرول بم گرانے کا فرمان جاری کیا ہے جب کہ حکمرانوں نے سرنڈر کردیا۔ حکمران عام آدمی کی حالت زار پر رحم اور مہنگائی پوری طرح کنٹرول کریں۔ چولستان اور بلوچستان کے وہ مقامات جہاں پانی کم یاب ہوگیا وہاں اس نعمت کی فراوانی ارباب اقتدار کا فرض منصبی ہے۔ چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا کہ تشدد، تصادم اور انتقام کی سیاست ریاست کو راس نہیں آئے گی۔ سیاست کی رگ رگ میں نفرت اور عدم برداشت کا زہر سرایت کرنا تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفیٰ کمال کی تقلید کرتے ہوئے ان کے ہم عصر سیاستدان اپنے اپنے کارکنان کو صبرو تحمل اور تدبر کادرس دیں۔ ہماری ریاست سیاست کے نام پر معاشرت کی تقسیم کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بانیان پاکستان کے افکار کی روشنی میں رواداری، بردباری اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا جائے۔ سیاسی قیادت کو ریاست کے بہترین مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفیٰ کمال کے تعمیری طرز سیاست میں سیاستدانوں کیلئے پیغام ہے، سیاسی اختلافات کو عداوت اور دشمنی میں تبدیل نہ کیاجائے۔ اہل سیاست کو ریاست کی سالمیت اور قومی وحدت کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کا محور بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس الزامات کے کھیل کی سیاست سے سیاستدانوں کا بھرم جاتا رہا۔ سیاست کیلئے ریاست اور ایک دوسرے کی ذاتیات پر حملے کرنے سے گریز کیا جائے۔