دنیا کاسب سے بڑا سفید ہیرا نیلام

May 16, 2022

سوئزرلینڈ(نیوز ڈیسک )دنیا میں سب سے بڑا اور تاریخی اہمیت کا حامل سفید ہیرا ’دی راک‘ 2 کروڑ 19 لاکھ ڈالر یعنی (4ارب سے زائد پاکستانی روپے) میں نیلام ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گالف کی گیند جتنے اس ہیرے کا وزن 228.31قیراط ہے اور اسے دی راک کا نام دیا گیا ہے جبکہ سوئزرلینڈ کے شہر جنیوا میں کرسٹی نامی نیلام گھر میں اس کی بولی لگائی گئی، جہاں اسے 2کروڑ 19لاکھ ڈالر میں فروخت کردیا گیا۔


کرسٹی نیلام گھر میں قیمتی پتھروں کے سربراہ میکس فوشے نے بتایا کہ ناشپاتی شکل کے اس خوبصورت ترین ہیرے کو ایک نایاب مقام حاصل ہے، دی راک جنوبی افریقہ کی کان سے برآمد کیا گیا ہے اور اس کے پہلے مالک نے اسے کارٹیئر کے ہار میں پہنا تھا۔

اس سے قبل کرسٹی ایک اور بڑا سفید ہیرا 2017میں نیلام کرچکی ہے جس کا وزن 163.41 قریاط تھا، جو ریکارڈ 3 کروڑ 38لاکھ ڈالر میں نیلام ہوا تھا۔

دی راک کی نیلامی کے وقت ایک اور پیلی رنگت کا ہیرا نیلام کیا گیا جو 2 ارب 70کروڑ سے زائد پاکستانی روپے میں فروخت ہوا جب کہ اس سے حاصل ہونے والی رقم ریڈ کراس کو عطیہ کی جائے گی۔