بھارت کی کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کو روکیں گے، کشمیری رہنما

May 16, 2022

برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی) برمنگھم شہر آئندہ چندہ ماہ میں کامن ویلتھ گیمز کی نمائندگی کرنے جا رہا ہے اس اہم موقع پر دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی جانب مبذول کرانے کے لیے کل جماعتی کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی پرامن احتجاج کر کے دنیا کو بتائے گی کہ ایک جانب بھارت دنیا کی بڑی جمہوریت کا راگ لاپتا ہے اور دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کا جمہوری حق سلب کرتا ہے۔اب بھارتی ریٹائرڈ فوجی اور حاضر سروس فوجی یہاں پر مختلف کھیلوں میں بھارت کی نمائندگی کیسے کر سکتے ہیں جن کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کےبرمنگھم کے مقامی ریسٹورنٹ میں چیئرمین کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی چوہدری شاہنوازکی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کشمیری رہنمائوں نے کیا اور کہا کہ بھارتی فوجی عالمی جرائم میں ملوث ہیں وہ کیسے عالمی کھیلوں میں نمائندگی کر سکتے ہیں،ہمیں عام بھارتی کھلاڑیوں کا کوئی اعتراض نہیں مگر بھارتی مسلح فوج کے دستے کو برٹش کشمیری اور آزادی پسند لوگ کبھی بھی خوش آمدید نہیں کریں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہونے والی کامن ویلتھ گیمز کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجتہی کے لیے بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا اور بھارت سے آنے والے فوجی کھلاڑیوں کو روکنے کے لیے برمنگھم سٹی کونسل میں پٹیشن پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں عبدالحمید لون، فہیم کیانی ،صدارتی مشیر چوہدری خادم حسین ،راجہ اسحاق صابر ،مفتی فضل احمد قادری ،حاجی محمد بشیر آرائیں، چوہدری ظفر اقبال، ارشاد عزیز،نعیم الحسن، عابد اقبال اور دیگر رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے حاضر اور ریٹائرڈ فوجی کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لینے کے لیے آ رہے ہیں ایک طرف بھارت انسانیت کی کھلم کھلی خلاف وزیر کر کے مظلوم کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے اور دو سال سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے انھیں بچوں سمیت گھروں میں قید کر رکھا ہے ۔رہنماؤں کا کہنا تھا ہم دنیا کی توجہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت کی طرف مبذول کروانے کے لیے نہ صرف مظاہرہ کریں گے بلکہ بھارت کی شمولیت رکوانے کے لیے برمنگھم سٹی کونسل سمیت دیگر اتھارٹیز کے دروازے بھی کھٹکھٹائیں گے ۔رہنماؤں نے پاکستانی و کشمیری کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا اپنے نہتے اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے کا بہترین موقع ہے اور اس میں ضرور شرکت کریں۔