ملبہ حکومت پر گرگیا‘ یہ نیچے دب کر مرجائیں گے‘ شیخ رشید

May 16, 2022

فیصل آباد(ایجنسیاں)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کیا گيا تو ملک سری لنکا بن جائے گا‘ گرفتاریاں ہوئیں تو پی ٹی آئی نے حکمت عملی بنا لی ہے‘عمران کو کچھ ہوا تو انقلاب آجائے گا‘پی ٹی آئی نے متبادل قیادت پہلے ہی تشکیل دے رکھی ہے۔ عمران خان کے قاتل صرف عمران کو ہی پتا ہیںجو اس کی ریکارڈڈ تقریر میں بتا دئیے گئے ہیں‘ان سے ملک نہیں سنبھل رہا، یہ فیصلے نہیں کر پارہے، ہماری حکومت کی کارکردگی کا ملبہ بھی ان پر گر گیا اور اس ملبے تلے دب کر یہ سیاسی طور پر مرجائیں گے‘شہبازشریف کا جانا نوشتہ دیوار ہے‘ زرداری نے منصوبہ بندی کے تحت ان کو ادھر کا چھوڑا نہ ادھر کا‘زرداری ان کو سیاسی طور پر غرق کرے گا‘نواز شریف کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ پٹ گیا ہے‘31 مئی تک سب کچھ بدل جائے گا‘ حکومت کے ہاتھ میں فیصلہ ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے، الیکشن کرانے ہیں یا برے حادثے کا شکا ر ہونا ہے ۔ اتوارکوپریس کانفرنس اورجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ حکومت نہ اِدھر کی رہی نہ اُدھر کی رہی، ان سے کوئی چیزنہیں سنبھل رہی‘بلائیںاب نوازشریف کو۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کونسل کی میٹنگ بلائیں اور نگران وزیر اعظم کا انتخاب کریں ‘ 31مئی تک نگراں حکومت بنالیں‘ ستمبر تک الیکشن ہوجانے چاہئیں۔شیخ رشید کا کہنا تھاکہ عمران خان ہیرو بن گیا‘11پارٹیوں کی سیاست دم توڑ گئی‘ ووٹ کو عزت دینے کا وقت چلا گیا، 25 کروڑ میں ووٹ بکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ باپ کا باپ کون ہے؟ ایم کیو ایم کیسے گئی سب جانتے ہیں۔