صدر مملکت نے جے ایس بینک کی ایکسپو زندگی فیوچر فیسٹ کا افتتاح کردیا

May 16, 2022

اسلام آباد( نمائندہ جنگ)جے ایس بینک کی پیش کردہ پاکستان کی سب سے بڑی ٹیک کانفرنس اور ایکسپو زندگی فیوچر فیسٹ کا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افتتاح کر دیا، ان کے ہمراہ چیف آپریٹنگ آفیسر جے ایس بینک عمران حلیم شیخ، چیئرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی (STZA) عامر ہاشمی سمیت دیگرماہرین، عوامی اور ٹیکس کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ یہ پاکستان میں منعقد ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ ہے جس میں30ہزار سے زائد شرکاء، 250سے زائد عالمی سطح کے مقررین، 100سے زائد اسٹالز، اختراعی ورکشاپس، نمائش کنندگان کی شرکت کی توقع ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی صلاحیت اس کی نوجوان آبادی سے منسلک ہے اور ہمارے نوجوان مستقبل کی قومی ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے ٹیک انڈسٹری کو ملک کیلئے ایک جمپ اسٹارٹر قرار دیا ۔ صدر مملکت نے تقریب کے شرکاء اور منتظمین میں انعامات بھی تقسیم کئے۔عمران شیخ نے شرکاءکی حوصلہ افزائی کیلئے شرکت کرنے پر صدر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور مقامی سامعین کیلئے بین الاقوامی معیار کے ایونٹ کی میزبانی کرنے پر اسٹارٹ اپ گرائنڈ کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نوجوان نسل نے ماضی میں بینکنگ کے طریقہ کار کو چیلنج کیا ہے اور اس بات پر کہ کس طرح جے ایس بینک نے تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے زندگی کا آغاز کیا اور ساتھ ہی مالی سرمایہ کاری کے ذریعے ٹیک اسٹارٹ اپس کے ساتھ شراکت داری قائم کی۔