پورے ملک میں خاموش انقلاب آچکا ہے، ہمایوں اختر

May 16, 2022

لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ پورے ملک میں خاموش انقلاب آ چکاہے اورامپورٹڈحکمران بھی اس کی آہٹ کو محسوس کر رہے ہیں ، ماضی میں جولوگ سیاست سے قطعی لا تعلق اور ووٹ کا حق استعمال نہیں کرتے تھے آج وہ بھی عمران خان کی ملک کی حقیقی آزادی اور خودمختاری کی انقلابی جدوجہد کاحصہ بن گئے ہیں ،یہ پہلا موقع ہے کہ صرف عوام سے قربانی نہیں مانگی جارہی بلکہ تحریک انصاف کی ہر سطح کی قیادت عوام کے شانہ بشانہ ہے اور ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے آگے آگے ہے،لانگ مارچ میں بھی ہم عوام کے آگے ہوں گے اور اگر حکومت نے غیر جمہوری ہتھکنڈے آزمائے تو ہم سب سے پہلے گرفتاری دیں گے لیکن پاکستان کو حقیقی آزادی اورخودمختاری دلانے کیلئے چلنے والاقافلہ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ امپورٹڈحکمرانوں کو سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ عام انتخابات میں عوام کا سامنا کیسے کریں گے۔عمران خان نے جس جدوجہد کا علم بلند کیا ہے ان شا اللہ آئندہ عام انتخابات میں ہمارے سیاسی مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے عمران خان کی کال پر اسلام آباد پہنچنا ہے اور ہر تحریک میں کلیدی کردار اداکرنے والے شہر لاہور سے روانہ ہونے والاقافلہ اس بار بھی حقیقی تبدیلی میں اپنا موثر کردار ادا کرے گا۔