مریخ کی چٹان پر دروازہ، کیا خلائی مخلوق کے ثبوت مل گئے؟

May 16, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) کیا مریخ پر خلائی مخلوق کی موجودگی کے ثبوت مل گئے ہیں؟ امریکہ کے خلائی ادارے ناسا کے مریخ پر موجود روبوٹ، کیوروسٹی روور کی جانب سے بھیجی جانے والی ایک تصویر اس وقت توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس میں ایک چٹان پر دروازہ بنا ہوا نظر آرہا ہے۔ امریکی ریڈیو کے مطابق سوشل میڈیا پر اس دروازہ نما پتھر کے بارے میں دلچسپ تبصرے جاری ہیں۔ کئی لوگ اسے خلائی مخلوق کی مریخ پر موجودگی کا ثبوت قرار دے رہے ہیں۔ تاہم ناسا ترجمان نے اس دروازے کو پتھر میں شگاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سائنسی تحقیق کرنے والی ٹیم نے بتایا ہے کہ یہ شگاف 30سینٹی میٹر چوڑا اور 45 سینٹی میٹر لمبا ہے۔ یاد رہے کہ یہ فوٹو گراف ناسا کے کیوروسٹی روور نے رواں ماہ سات مئی کو کھینچی تھی۔ لیکن کیا یہ اصل میں ایک دروازہ ہے اور الف لیلوی کہانی کی طرح کھل جا سم سم کہنے سے مریخ پر بسے خلائی مخلوق تک رسائی دے سکتا ہے یا اس کے کھلنے سے دوسری کسی کائنات کا راستہ کھل جائے گا؟برطانوی ماہر ارضیات، جنہوں نے مریخ کی سطح کے حوالے سے تحقیق کی ہے، نے معروف ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک یہ پتھروں کا کٹاؤ ہے۔ ایک اور ماہر ارضیات نکولاس مینگولڈ نے بھی اسی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کٹاؤ تین فٹ سے بھی کم ہے۔ ان کے بقول پتھروں کی یہ ہئیت قدرتی عمل سے نمودار ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس دروازہ نما شگاف کے حوالے سے ابھی بھی مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ریڈٹ پر ایک صارف سوال کیا کہ اس سے کیا ہوتا ہے کہ یہ محض چند انچ بڑا دروازہ ہے؟ ان کے بقول انہیں کیا پتا کہ نئے سردار کی جسامت کتنی بڑی ہے؟