اسٹیج کیلئے خصوصی ٹرک، جیالوں کی پارٹی ترانوں پر رقص، آیا بلاول، چھایا بلاول کے نعرے، پارٹی پرچموں کی بہار، بلاول بھٹو کے استقبال کی جھلکیاں

May 16, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنےکے بعد کراچی آمد، پیپلز پارٹی کے جیالوں اور جیالیوں نے پرجوش نعروں اورپارٹی ترانوں پروالہانہ رقص کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا خیرمقدم کیا،کراچی ائیرپورٹ پربلاول بھٹوزرداری کا فقید المثال استقبال ،پیپلز پارٹی کا کراچی ائیرپورٹ اولڈٹرمینل پر سیاسی طاقت کا مظاہرہ ،اولڈٹرمینل کے قریب استقبالیہ جلسہ میں عوامی ہجوم امڈ آیا،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی آمد پر شرکاء نے پرجوش نعروں کے ساتھ ان کا استقبال کیا ،بلاول بھٹو کی آمد پر آیا آیا بلاول، چھایا چھایا بلاول ، کا ترانہ گونج اٹھا،شرکائے جلسہ پارٹی پرچم لہراتے ہوئے اسٹیج پرآنے والے پارٹی رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے رہے،جلسے میں وہی جوش ، وہی ولولہ ، بلاول کی صورت میں بھٹو نظر آیا ، ترانہ سب سے زیادہ بجایا گیا، پیپلزپارٹی کے جیالوں نے زبردست نعرے بازی کی ’’ جئے جئے جئے بلاول وزیر اعظم بلاول ‘‘ ان کا سب سے پسندیدہ نعرہ رہا،مقررین نے جلسہ کے شرکاء سے پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانے کا عہد لیا،جلسہ گاہ میں مرکزی بینر پر کراچی بچایا تھا اور پاکستان بنا ئیں گے کا نعرہ تحریر تھا،جلسہ کی کارروائی کا آغاز شام 7 بجے سعید غنی وقار مہدی کے ابتدائیہ کلمات سے ہوا، سعید غنی نے تلاوت قران پاک کی، سعید غنی نے بلاول کے خطاب سے پہلے پرجوش نعرے لگوائے،بلاول کی آمد سے قبل آیا آیا بلاول ،،،، چھایا چھایا بلاول ، کا ترانہ گونج اٹھا،جلسہ گاہ میں اسٹیج کے لئے 18 اکتوبر 2007 میں تیارکردہ خصوصی ٹرک کو استعمال کیا گیا ،جلسہ کی کارروائی دکھانے کے لیے مرکزی اسٹیج اور جلسہ گاہ میں اسکرینز نصب کی گئیں ،جلسہ گاہ کی اندرونی سکیورٹی پیپلز پارٹی کے جیالوں نے سنبھال رکھی تھی ،جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے تھے۔