ریاست صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کرے، پی ایف یو جے کا مطالبہ

May 16, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کا 3 روزہ اجلاس اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا کہ آزادی اظہار اور میڈیا کو دبانے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں صدر کی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار کی زیر صدارت اجلاس میں متعدد قراردادوں کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ صحافت کے لئے وطن عزیز کی سرزمین تنگ نہ کی جائے، ریاست صحافیوں کےحقوق کا تحفظ کرے، آزادی اظہار پرقدغن کیلئے تشکیل دیئے گئے قوانین فوری ختم کئے جائیں۔ اجلاس میں میڈیا کا گلا گھونٹنے، صحافیوں کی گمشدگی، برطرفی، تنخواہوں میں تاخیر اور کٹوتی کیخلاف بھی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی، ایوان نے سیاسی ومعاشی عدم استحکام پر تشویش کااظہار کیا، شرکاء نے جمہوری عمل کے تسلسل، صحافتی اقدار اورمعیار پربھی سیرحاصل گفتگو کی۔ پیمراقوانین، بے لگام سوشل میڈیا، ریٹنگ سسٹم سمیت اہم موضوعات زیربحث آئے۔ صدر پی ایف یوجے شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی کاکہنا تھا حکومت میڈیا ہاؤسز کے اشتہارات کا اجراء ملازمین کو سہولتیں دینے سے مشروط کرے۔ اجلاس میں پی ایف یوجے کی آڈٹ رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ ملک بھر کی یونین آف جرنلسٹس کا آڈٹ شیڈول بھی جاری کیا گیا، اختتامی سیشن میں پی ایف یوجے نے الیکشن کمیٹی کے لئے ناموں کابھی اعلان کرتے ہوئے بہترین میزبانی پر کے یو جے کے صدر شاہد اقبال، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت پوری باڈی کو ڈیسک بجا کر خراج تحسین پیش کیا۔