جنگلات میں ٹک ٹاکرز کے آگ لگانے کی سخت مذمت کرتی ہوں، شیری رحمان

May 18, 2022

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ میں نے جنگلات میں ٹک ٹوکر کی وجہ سے لگنے والی آگ کے واقعات کا نوٹس لیا ہے۔ ان واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔

اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ معاملہ ابھی زیر تفتیش ہے لیکن آگ کے واقعات اسلام آباد میں نہیں ہزارہ خیبر پختونخوا میں ہوئے ہیں، البتہ آگ کے واقعات میں ملوث مجرموں کو سخت ترین سزا ملنی چاہیے۔

شیری رحمان نے کہا کہ اسلام آباد میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے کنٹرول روم بنارہے ہیں، آگ لگنےکے حوالے سے ایک ہیلپ لائن کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات افسوسناک ہیں، حوصلہ شکنی ہونی چاہیے، ایسی سوچ اور رویے سے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔