لندن میں پاکستان پراپرٹی ایکسپو کا انعقاد، پراپرٹی ڈیلرز اور کمیونٹی کی بھرپور شرکت

May 19, 2022

لندن ( جنگ نیوز ) یوکے پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے لندن میں تین روزہ پاکستان پراپرٹی ایکسپو یوکے 2022کا انعقاد کیا گیا جوکہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوا ۔ پاکستان پراپرٹی ایکسپو ویک یوکے میں برطانیہ کے ساتھ ساتھ پاکستان سے چھوٹے اور بڑےپراپرٹی ڈیلر اور ڈیویلپرز نے شرکت کی جس میں اسٹال ہولڈرز نے پاکستان کے مختلف شہروں میں پراجیکٹ متعارف کروائے ۔ اس تین روزہ پراپرٹی کے پروگرام میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پراپرٹی ایکسپو میں نمائش کرنے والے تمام پراپرٹی پراجیکٹس کو سراہا ۔ ترجمان یوکے پاکستان بزنس کونسل نے کہا کہ کے یو کے پاکستان بزنس کونسل کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان میں مختلف شعبہ جات کے اندر سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ ماضی میں یوکےپاکستان بزنس کونسل نے ٹیکسٹائل ، سرجیکل ، ہیلتھ اور دیگر مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اشیاء کی نمائش اور ایکسپوکا انعقاد کیا ۔ پاکستان کے اندر پراپرٹی کا شعبہ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے یہی وجہ ہے کہ یوکے پاکستان بزنس کونسل نےپاکستان پراپرٹی ایکسپو ویک یوکے 2022کا لندن میں انعقاد کیا جس کو اوورسیز کمیٹی کی طرف سے بہت زیادہ سراہا گیا اورکمیونٹی کی جانب سے بہت تعاون ملا۔ ترجمان یوکے پاکستان کونسل کا کہنا تھا کہ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے یوکے پاکستان بزنس کونسل 14 اگست کو برطانیہ کے سب سے بڑے ہال ویمبلے ارینا میں جشن آزادی کا بہت بڑا پروگرام منعقد کروانے جا رہےہیں جس میں نہ صرف پاکستان کی شوبز شخصیات بلکہ پاکستان سے پراپرٹی کے اہم پروجیکٹ اور بڑی کمپنیوں کو لا کر ان کومتعارف کروایا جائے گا اور تاریخی جشن آزادی کا پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاکستان پراپرٹی ایکسپو ویک سے خطاب کرتےہوئے مختلف نمائش کرنے والے پراپرٹی پروجیکٹ کے ترجمان نے بتایا کہ اس پراپرٹی ایکسپو میں شامل ہونے کے بعد ہمیں اس بات کااندازہ ہوا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی اپنے وطن سے کتنا دلی لگاؤ رکھتی ہے اور اپنے وطن میں گھر بنانے کی بہت زیادہ خواہش مند ہے۔ تقریب میں پاکستان سے معروف گلوکار فرحان سعید اور صابری برادر قوال نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔