اوورسیز پاکستانیز حکومتی پالیسیوں سے مطمئن ہیں، چوہدری عامر

May 19, 2022

کونٹری (وقار ملک)چوہدری عامر اور حاجی مبارک کیانی نے پی ڈی ایم کی حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں جہاں تمام سیاسی پارٹیوں کی حمایت حاصل ہے وہاں اوورسیز پاکستانی بھی ان کی ملکی پالیسیوں سے مطمئن نظر آر ہے ہیں، ان حالات میں ایسے قوانین اور فیصلے کیے جائیں جس سے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کا حل ممکن ہو سکے ۔ دونوں شخصیات نے کہا کہ پنجاب اوورسیز کمیشن کو پچھلی حکومت نے اس لیے غیر فعال بنا دیا تھا کہ وہ سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ایک شاندار کوشش تھی جب کہ اس ادارے نے کمشنر افضال بھٹی کی قیادت میں کامیابیاں حاصل کیں اور اوورسیز نے سُکھ کا سانس لیا تھا، ان کے مسائل حل ہوئے تھے لیکن افسوس پی ٹی آئی کی حکومت نے او پی سی کو غیر موثر کر دیا تھا اب جب کہ پی ڈی ایم کی حکومت ہے اور حمزہ شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب ہیں ،انہیں چاہئے کہ فی الفور پنجاب اوورسیز کمیشن کو فعال بنائیں۔ چوہدری عامر اور حاجی مبارک کیانی نے اپیل کی کہ افضال بھٹی کی خدمات حاصل کی جائیں اور ان کی نگرانی اور تجربے کی روشنی میں او پی سی کو مستحکم بنایا جائے ،اوورسیز پاکستانیوں کو اعتماد میں لیا جائے اور ان کے جائز مسائل حل کیے جائیں ۔افضال بھٹی کو مکمل اختیار دیا جائے تاکہ وہ ماضی کی طرز پر کام کر سکیں جس کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔