سیاست میں نفرت زدہ رویوں کو روکا جائے، الطاف شاہد

May 19, 2022

لندن(پ ر )پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا ہے کہ شہر قائد کی خواتین نے پی ایس پی کاپرچم تھام لیا۔ کپتان کی مرکز گریز سیاست نے انہیں ایکسپوز کردیا۔ کراچی کی سیاست سے ریاست کے سیاسی ومعاشی مستقبل کا تعین ہوتا ہے۔ شہر قائد کے معمار سیّد مصطفیٰ کمال کی قیادت میں باشعور خواتین کاتاریخی اجتماع قومی سیاست کی تعمیری کروٹ کی نوید دے رہا ہے۔ سیّد مصطفیٰ کمال نے استدلال ،استقلال اوراپنے اخلاص سے ہم وطنوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ اپنے بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ سیاست میں نفرت زدہ رویوں اور پر تشدد واقعات کو روکنا ہوگا، پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال کے فلسفہ سیاست کی روشنی میں رواداری کے فروغ کیلئے ہر فرد اپنا تعمیری کردار ادا کرے۔ عدم برداشت سمیت متعدد روایات جو اسلامی تعلیمات سے متصادم نہیں، ان کاراستہ روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کسی بھی مہذب اور متمدن معاشرے کیلئے زہرقاتل ہے،شہری صبروتحمل سے ایک دوسرے کا موقف سن کر مسائل کا پائیدار حل تلاش کریں۔ تعمیری تنقیدکرناجائز ہے مگرایک دوسرے کی حق تلفی، دل آزاری اور توہین سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیّد مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے، کمزورکاحق غصب کرنےوالے کو طاقتور نہیں کہا سکتا‘‘۔ پی ایس پی کے نزدیک طاقت کامفہوم دوسروں میں آسانیاں تقسیم کرنا اور غصہ پر قابو پانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی روسے پاکستان میں کوئی طاقتور کسی بھی کمزورکے بنیادی حقوق اوراس کی عزت نفس نہیں روند سکتا۔ سیاسی پارٹیوں کے درمیان اختلاف رائے جمہوریت کاحسن ہے، تاہم ہمارے سیاستدان برداشت، رواداری اور صبرو تحمل کادامن اپنے ہاتھوں سے ہرگز نہ چھوڑیں۔