مانچسٹر میں لیبر کونسلر ربنوازنے 87 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کئے

May 19, 2022

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) لیبر پارٹی مانچسٹر سٹی کے کونسلر ربنواز اکبرنے حالیہ مقامی انتخابات میں مانچسٹر میں سب سے زیادہ 87فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے۔ربنواز اکبر پہلی بار 2010میں رشلم وارڈ میں منتخب ہوئے تھے جب انہوں نے لب ڈیمز سے ایک نشست حاصل کی تھی۔ کونسلر ربنواز 2014، 2018اور اب 2022 میں دوبارہ منتخب ہوئے ہیں، ہر بار بھاری اکثریت کے ساتھ اور اس بار لیبر کے ووٹ شیئر 87.6 فیصد کے ساتھ مانچسٹر میں سب سے زیادہ اور ملک میں دوسرے نمبر پر ہے۔ کونسلر ربنواز اکبر مانچسٹر سٹی کونسل میں ایک سینئر کونسلر ہیں اورمتعدد اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں جن میں 4سال تک اسسٹنٹ کیبنٹ ممبر اور 2018-2022 کے درمیان نیبر ہوڈز کے لیے کابینہ کے ممبر شامل ہیں۔ اس سال مانچسٹر لیبر گروپ نے انہیں £600m سے زیادہ کے ریونیو بجٹ اور £200-250m کے سالانہ کیپٹل بجٹ کے ساتھ فنانس اور وسائل کے لیے کابینہ کے رکن کے اہم کردار کے لیے منتخب کیا ہے۔کونسلر ربنواز اکبر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ وہ مانچسٹر کے تمام لیبر کونسلرز کے ساتھ متوازن بجٹ ترتیب دینے، اعلیٰ معیار کی یونیورسل خدمات فراہم کرنے اور آنے والے مشکل وقت میں انتہائی کمزور رہائشیوں کی حفاظت کے لیے کام کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کے بارے میں بیداری اور نفرت انگیز جرائم کی روک تھام کیلئے کام کیا جائے،بہت سے افراد اور خاندان مہنگائی کے بحران سے نبرد آزما ہیں لیکن مانچسٹر لیبر ان کی مدد کرے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ دہائی کے دوران مساوات کی حمایت کی ہے اور نفرت انگیز جرائم سے نمٹنے کے لیے کام کو آگے بڑھایا ہے۔اس کے ساتھ ہی اسلامو فوبیا کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مسلم کمیونٹیز کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسیوں کے لیے کابینہ کے رکن کے طور پر کمیونٹی کی ہم آہنگی اور جرائم کے سد باب کیلئے جدوجہد کی۔وہ مانچسٹر کی پہلی کمیونٹی ہم آہنگی کی حکمت عملی کو قائم کرنے کی کوشش کرنے والی ٹیم کا حصہ رہے ہیں اور مانچسٹر شہر میں نوجوانوں/گینگ تشدد اور چاقو کے جرائم کے واقعات کو کم کرنے کے حوالے سے سرگرم عمل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مانچسٹر کے مختلف علاقوں میں جرائم کی روک تھام کے لیے کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تاکہ نوجوانوں کو بےراہ روی سے بچایا جائے،نوجوان قوم ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی حفاظت کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔