سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہارس ٹریڈنگ ختم ہوگئی ،تحریک انصاف

May 19, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود، مسرت جمشید چیمہ، اعجاز منہاس اور زرقا سہروردی تیمور نے جیل روڈ پارٹی آفس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ منحرف ارکان اسمبلی کے متعلق سپریم کورٹ نے آئین کی اخلاقیات کے مطابق فیصلہ کیا ہے۔ جمہوریت آگے نہیں چل سکتی اگر ارکان اسمبلی روز اپنی مرضی کریں گے ۔ سندھ ہاؤس میں جیسے منڈیاں لگی یہ جمہوریت نہیں ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے سے لوٹا کریسی اور ہارس ٹریڈنگ مکمل طور پر ختم ہوگی ۔ ۔ شفقت محمود نے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے شفاف الیکشن نہیں ہوسکتے۔ مزیدبرآں سینیٹر ولید اقبال اور میاں عامر خلیل کے زیر اہتمام جوڑے پل روڈ پر حقیقی آزادی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے ورکرز کنونشن ہوا۔جس میں سینیٹر ولید اقبال ، میاں حماد اظہر و دیگررہنمائوں نے کہاہے کہ عدالت عظمیٰ کے تاریخی فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔اس فیصلے سے بے ضمیر سیاستدانوں کے لئے اسمبلیوں کے راستے بند ہو گئے ہیں زرداری نے پنجاب کی پارٹی مسلم لیگ ن کا بڑی ہوشیاری سے پنجاب میں بھی خاتمہ کردیا ہے۔حمزہ شہباز کی پنجاب سے تو حکومت ختم ہو ہی گئی ہے ۔زرداری نے شریفوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دلدل میں دھکیل دیا ہے ۔