ہائیکورٹ :امتحانی فیس ہڑپ کرنے پر کوڑے خان کالج کے 3 ملازمین ضمانتیں خارج پر گرفتار

May 19, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر)لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے گورنمنٹ کوڑے خان کالج جتوئی میں طلبہ سے امتحانات کی رقم وصول کرکے ہڑپ کرنے والے 3 سرکاری ملازمین کی ضمانتیں خارج کرنے کا حکم دیا ہے اس موقع پر اینٹی کرپشن نے ملزمان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا، ملزمان کو آج جسمانی ریمانڈ کے لئے متعلقہ عدالت پیش کیا جائے گا، قبل ازیں عدالت عالیہ میں ملزمان کلرک نسیم، عبدالمالک اور جونیئر کلرک شاہد نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی تھی ملزمان کے خلاف گورنمنٹ کوڑے خان کالج جتوئی کے پرنسپل نے تھانہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرایا تھا، ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے طلبا سے امتحانات کی فیس وصول کرکے خود ہڑپ کر لی اور طلباکا مستقبل داؤ پر لگا دیا گیا ملزم شاہد حسین کے وکیل محمد باصر خان نے کہا کہ وہ ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں گے۔