مسلح افراد کی پولیس کی گاڑی پرفائرنگ اہلکاروں نےچھلانگیں لگاکر جانیں بچائیں

May 19, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ چونترہ کے علاقہ میں متحارب ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مسلح افرادنے پولیس کی گاڑی پراندھادھندفائرنگ کردی ،پولیس ملازمین نے گاڑی سے چھلانگیں لگاکرزمین پرلیٹ کراپنی جانیں بچائیں ، پولیس نے 8ملزموں کو گرفتار کرکے 6 کلاشنکوفیں ، دو رائفلیں اور گولیاں برآمد کرلیں ۔ملزموں کے خلاف انسداددہشت گردی ایکٹ اوردیگردفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا۔ایف آئی آردرج کراتے ہوئے ایس ایچ او چونترہ سب انسپکٹرمسرور علی اکبر نے بتایاکہ چھچھ روڈپر موقع پرپہنچا تو دیکھا کہ دو ہائسنگ سوسائٹیوں کے ملازمین اپنے اپنے ڈیروں سے ایک دوسرے پر شدید فائرنگ کر رہے تھے جن کو لاؤڈ سپیکر کے ذریعے فائرنگ کرنے سے منع کیا گیا جس پر وہ مزید اشتعال انگیزی میں آگئے اور فائرنگ تیزکر دی ۔ پولیس کی سرکاری گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی ۔ ایک ہائوسنگ سوسائٹی کی چیک پوسٹ پر موجود 8 مسلح افراد کو قابو کر لیا گیا ۔ تین ملزمان موقع سے بھاگ جانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ دوسری سوسائٹی کےدس گیارہ ملازمین فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔