وعدوں کی پاسداری کی،پارلیمنٹ کے ذریعے آئین بحال کیا، اے این پی

May 19, 2022

کوئٹہ ( آئی این پی ) عوامی نیشنل پارٹی نے جمہوریت کی بحالی ، عوام کو ووٹ کا حق دلانے ، پارلیمنٹ کی بالادستی اور قوموں کو ان کے حقوق دلانے کیلئے تاریخی جدوجہد کی ہے ، تاریخ پر اگر نظر ڈالی جائے تو اے این پی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے تاریخی قربانیوں کے ذریعے عوام کے حقوق کے لئے جیلوں میں کوڑے برداشت کئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے این پی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر نے بوستان ضلع پشین میں اے این پی کے نامزد کونسلروں کے اجتماع سے خطاب میں کیا۔ اجتماع سے حاجی نظام الدین کاکڑ، عبدالباری کاکڑ ، حاجی اصغر تر ین ، باری آغا ، عبیداللہ عابد ، صادق کاکڑ اور ڈاکٹر جعفر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ جب عوام اور ملک پر ماضی میں سخت حالات آئے تو اے این پی کے اکابرین خان عبدالولی خان اور اسفند یار ولی خان کی قیادت میں اے این پی نے تاریخی قربانیاں دے کر قوموں اور عوام کے حقوق کا دفاع کیا ۔ جب ملک میں عوام پر سخت حالات تھے تو تمام پارٹیاں خاموش جبکہ اے این پی کی قیادت اور کارکنوں نے ان حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہو ں نے کہاکہ پارلیمنٹ کی تاریخ کا اگر مطالعہ کیا جائے تو اے این پی نے ہمیشہ عوام سے کئے وعدوں کی پاسداری کی ہے اور پارلیمنٹ کے ذریعے آئین بحال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی نے صوبے کو پشتونخوا کا نام دلایا جو اے این پی کی کامیابی اور جدوجہد کا ثمر ہے ۔