مشکل حالات میں چھوڑنے والوں کو قبول نہیں کیا جائیگا‘ ن لیگ

May 19, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ نے بیان میں کہا ہے کہ اب مسلم لیگ(ن) ایک نظریات کی شکل اختیار کرچکی ہے اس میں اب میرٹ کی پامالی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہئے، ابن وقت اور بے ضمیر افراد جنہوں نے پارٹی کے پیٹھ میں چھرا گھونپا اب ان کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے بلکہ ان کی شدید مخالفت کی جائے گی۔انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ کوئٹہ ڈویژن ،پشین ،قلعہ عبداللہ اور چمن میں بے تحاشا مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں جبکہ حکومت کی جانب سے صوبے میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کا کوئی طریقہ وضع نہیں ۔بے روزگاری اور مہنگائی اور حالیہ دہشت گردی کی وجہ سے عوام پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہیں تو دوسری جانب عوامی نمائندوں نے ووٹ حاصل کرنے کے بعد عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے فوری طور گراں فروشوں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈائون کریں اور فوڈ کنٹرول کمیٹی کو فعال کریں ۔