ہوشاب سے خاتون کی گرفتاری کیخلاف ماما قدیر کی قیادت میں مظاہرہ

May 19, 2022

کوئٹہ(آن لائن)ہوشاب سے سی ٹی ڈی کے ہاتھوں نورجہان کی گرفتار ی کے خلاف کوئٹہ پریس کلب میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت ماما قدیر بلوچ نے کی، مظاہرین سے رسول بخش، غفار قمبرانی، بیبرک بلوچ اور نرگس بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے بعد اب ہماری بچیوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے، نورجہان بلوچ کی گرفتاری قابل مذمت ہے ،حکومت نورجہان بلوچ کو فوری طور پر رہا کرے، بصورت دیگر اس کے خلاف سخت اقدام اٹھائیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری ریاستی اداروں پر عائد ہوگی ۔بلوچستان میں جس طرح نوجوانوں کو لاپتہ کرکے ان کی مسخ شدہ لاشیں پھینکنے کا سلسلہ جاری ہے اب تو بلوچ خواتین کو بھی لاپتہ کیا جارہاہے، جو قابل مذمت ہے ۔نور جہان بلوچ کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔