آرٹیفشل جیولری مارکیٹ پر کسٹمز کا چھاپہ، کروڑوں روپے کاسامان ضبط

May 19, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے ایم اے جناح روڈ پر ڈینسو ہال کے قریب آرٹیفشل جیولری مارکیٹ میں چھاپامار کر کروڑں روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا ،تاجروں نے کسٹم کے چھاپے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئےشدید احتجاج کیا ،تاجروں کا کہنا ہے کہ ان کے قانونی مال کو ضبط کیا گیا ہے ، یہ چھاپہ بھتہ نے دینے کا نتیجہ ہے ،تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی کے تجارتی مرکز ڈینسو ہال آرٹفیشل جیولری مارکیٹ میں کسٹم انٹیلی جنس کی ٹیم نے چھاپا مار کر کروڑں روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا۔ذرائع کے مطابق کسٹمز کے اہلکار اور ان کے ساتھ آئے کچھ پرائیویٹ افراد کئی دکانوں اور گوداموں سے متعدد ٹرک بھر کر قیمتی سامان کسٹمز کے دفتر منتقل کرتے رہے لیکن اس کا ریکارڈ نہیں رکھا گیا ، کسٹمز کے چھاپے کی اطلاع پردکان دار وہاں جمع ہو گئے اور انھوں نے احتجاج بھی کیا۔ دکان داروں نے کہا ہم نے اپنا سامان امپورٹ کیا ہے، جس کی تمام دستاویزات ہمارے پاس موجود ہیں۔کسٹم حکام کا کہنا ہے اگر ضبط شدہ سامان کی کاغذات پیش کر دیے گئے تو دکان داروں کو ان کا سامان واپس کر دیا جائے گا ۔